مظفرآباد(صباح نیوز)آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر سابق وزیر اعظم آزادکشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ جنوبی ایشیاء کے امن کی ضمانت ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے مسلم کانفرنسی کارکنان وعہدیدران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کا پاکستان کے ساتھ لازوال رشتہ ہے جسے کوئی کمزور نہیں کر سکتا۔ہندوستانی وزیراعظم کے معتصبانہ بیانات کشمیریوں کی منظم نسل کشی اور انھیں اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت سے انکار عالمی امن کے لیے ایک چیلنج سے کم نہیں ہندوستان میں آباد نہ صرف مسلمان بلکہ تمام اقلیتیں بھی غیر محفوظ ہیں۔یہی وجہ ہے کہ آج نہ صرف کشمیری عوام بلکہ دنیا بھر کی انسانی حقوق کی تنظیمیں اور ہندوستان میں آباد تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگ ہندو انتہا پسندی کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی رائے معلوم کرنے کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق رائے شماری کا عمل شروع کیا جائے۔مقبوضہ کشمیر میں حالات انتہائی ابتر ہو چکے ہیں، یہ خطہ تین ایٹمی قوتوں میں گھرا ہوا ہے، تنازع کے مستقل حل کیلیے عالمی برادری کو کردار ادا کرنا چاہیے۔
