بدین (نمائندہ جسارت)ڈسٹرکٹ جیل میں قید سابق چیئرمین تلہار ٹاؤن کمیٹی میر شاہد ٹالپور عدالت میں پیشی جیل میں تشدد کھانے ادویات اور ملاقات کی سہولیات فراہم نہ کرنے کی شکایت ، کیس کی سماعت 23 جولائی کو ہو گی،بھائی میر نور احمد کی جانب سے سیاسی انتقام کا الزام ۔ڈسٹرکٹ جیل بدین میں قید سابق چیئرمین تلہار ٹاؤن کمیٹی میر شاہد ٹالپور نے مقامی عدالت میں پیشی کے موقع پر بدین جیل میں تشدد غیر انسانی سلوک کھانے ادویات اور ملاقات کی سہولیات فراہم نہ کرنے کی شکایت کرتے ہوئے بتایا کہ وہ دل اور بلڈ پریشر کے مرض میں مبتلا ہیں ان کے مخالفین کے کہنے پر ان کو جیل روول کے مطابق سہولیات فراہم کرنے کے بجائے جسمانی اور ذہنی طور پر تنگ کیا جا رہا ہے مختلف ہتھکنڈوں اور حربوں سے پریشان کیا جا رہا ہے ، میر شاہد ٹالپور کے وکیل کے مطابق عدالت نے کیس کی سماعت کے لیے فریقین کو 23 جولائی کو طلب کر لیا ہے، جبکہ میر شاہد کے بھائی سابق رکن ضلع کونسل بدین میر نور احمد ٹالپور نے اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی میر اللہ بخش ٹالپور پر انتقامی کارروائی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ میرے بھائی میر شاہد کا جرم یہ تھا کہ انہوں نے تلہار کی قتل ہونے والی ایک غریب محنت کش خاتون کے ورثا کی قانونی اور اخلاقی مدد کی جس کے بعد ہماری فیملی کو حکومتی اور پولیس کی مدد سے مسلسل انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، جھوٹے الزامات کے تحت بے بنیاد مقدمات پولیس کے چھاپے گرفتاریاں چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنے کے علاوہ گھروں اوطاق پر چھاپے کے دوران در دروازوں الماریوں فرنیچر الیکٹرونکس کے سامان اور دیگر قیمتی سامان کی توڑ پھوڑ کے علاوہ کروڑوں روپے کے زیورات بھی لوٹ کر ساتھ لے گئے۔انہوں نے کہا کہ ہم کو اب صرف عدلیہ سے ہی انصاف کی امید ہے۔
