پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت ہونے والے ایپکس کمیٹی کے اجلاس ہوا، جس میں جرگے کے مطالبات تسلیم کرلیے گئے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق علی امین گنڈاپور کی صدارت میں ہونے والے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں کور کمانڈر پشاور، چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس کے علاوہ بنوں جرگہ کے ارکان شریک ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق اجلاس میں صوبے میں جاری دہشت گردی کے خلاف مہم اور خصوصاً بنوں واقعے کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا کہ عسکری اداروں نے واضح کیا ہے کہ کوئی فوجی آپریشن نہیں ہورہا۔
اس سلسلے میں کہا گیا کہ دہشت گردوں کے خلاف ہر صورت کارروائی ہوگی اور سرحدی علاقوں کے قریب دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں فوج کی مدد کی جائے گی۔
بعد ازاں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت منعقدہ ایپکس کمیٹی کے مشترکہ اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ پولیس مسلح گروہوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کرے گی جبکہ دہشت گرد عناصر کے خلاف پولیس اور سی ٹی ڈی کارروائی کرے گی۔
بیان میں کہا گیا کہ مشکوک علاقوں اور مدارس کے خلاف سی ٹی ڈی کارروائی کرے گی۔

