پشاور: خیبرپختونخوا ( کے پی کے ) کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف کاکہنا ہے کہ بنوں میں کینٹ حملے میں 8 فوجی اہلکار اور دو سویلین شہید ہوئے جبکہ 19 جولائی کے احتجاج میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا،بنوں واقعے پر وفاقی اداروں نے صوبائی حکومت اور فوج کے خلاف پروپیگنڈا کیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات نے کہاکہ وفاقی حکومت کے ادارے پروپیگنڈہ میں مصروف رہے، اس پروپیگنڈے میں عطا تارڑ کا مضحکہ خیز کردار ہے جبکہ ایک صوبے کا بھی کردار ہے جس نے تنقید کے چکر میں پروپیگنڈا کیا اور ان لوگوں نے عزم استحکام کی طرز پربنوں واقعہ پرکنفیوژن پیدا کی۔
انہوں نے مزید کہاکہ صوبائی حکومت نے فوری طورپر معاملے کوکنٹرول میں لیا اور حالات کوپرامن کیا، امن کمیٹی سے بات چیت ہوئی اورمطالبات وزیراعلی کوپیش کیے گئے، جس کو وزیر اعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈا پور نے مطالبات کو منظور کیا۔
