
برازیلیا (انٹرنیشنل ڈیسک) برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں جی 20معیشتوں کے وزرائے خزانہ اور مرکزی بینکوں کے گورنروں کا اجلاس شروع ہوگیا۔ اجلاس کے پہلے روز مالیاتی سربراہان اس بات پر متفق رہے کہ عالمی معاشی بحران کے امکانات کم ہو رہے ہیں کیوں کہ امریکا میں افراط زر کی شرح بتدریج کم ہو رہی ہے۔ تاہم شرکا کو یہ تشویش بھی لاحق تھی کہ امریکا اور یورپ میں شرح سود بدستور زیادہ ہے جس کے باعث دیگر ممالک سے سرمائے کا اخراج اوران کی کرنسیاں مزید کمزور ہو سکتی ہیں۔ اجلاس میں معاشی صورتحال کی نگرانی جاری رکھنے اور ضرورت پڑنے پر مناسب اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔
