English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

مذاکرات کا پہلا دور حکومت کا گرفتار کارکنان رہا کرنے کا اعلان ،دھرنا اور بات چیت ساتھ چلیں گے،لیاقت بلوچ

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن تیسرے روز دھرنے کے شرکاء اور میڈیا سے نمائندوںسے خطاب کررہے ہیں
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن تیسرے روز دھرنے کے شرکاء اور میڈیا سے نمائندوںسے خطاب کررہے ہیں

راولپنڈی ( نمائندہ جسارت)وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے 35 کارکنوں کی گرفتاری کی لسٹ پر حکومت نے فوری رہائی کا اعلان کیا ہے۔ کمشنر راولپنڈی آفس کے باہر جماعت اسلامی کے وفد سے مذکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے تمام گرفتار کارکنان کی رہائی کا حکم دے دیا گیا ہے۔عطا تارڑ نے کہا کہ کل جو مذاکرات کا دور ہوگا اس میں ہماری کوشش ہوگی کہ معاملات خوش اسلوبی سے طے پاجائیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ دھرنے کو لیاقت باغ کے اندر منتقل کیا جائے۔ ہماری کوشش ہے اس مسئلے کو جلد سے جلد ختم کیا جائے۔عطا تارڑ نے کہا کہ جماعت اسلامی کے زیادہ ترمطالبات بجلی سے متعلق ہیں۔ آج جماعت اسلامی کی جانب سے 35 گرفتار کارکنان کی فہرست فراہم کی گئی، جماعت اسلامی کے گرفتار کارکنان کی رہائی کے احکامات جاری کردیے گئے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جن حالات میں حکومت ملی یہ آسان کام نہیں تھا۔ 2018 میں ہم مہنگائی 4 فیصد پر چھوڑ کر گئے تھے۔ حکومت کے اخراجات کم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اخراجات میں کمی اور نجکاری سے اسپیس پیدا ہوگا۔انکا کہنا تھا کہ حکومت نے بجلی کے بلوں میں 50 ارب کی سبسڈی دی ہے۔ عوام کے ریلیف کیلئے دن رات کام ہو رہا ہے۔ عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہوئیں تو پیٹرولیم مصنوعات پر بھی ریلیف سامنے آئے گا۔انہوں نے بتایا کہ معاشی اصلاحات کی جارہی ہیں، ڈیجیٹل اسپیس پیدا کی جائے گی۔ ہمارا مشن ہے کہ دوست ممالک سے انویسمنٹ کروائی جائے، ہم چاہتے ہیں روپیہ مستحکم ہوجائے اور روزگار فراہم کیا جائے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے دس مطالبات ہیں، ان پر ٹینکیکل کمیٹی بیٹھے گی۔ امیر مقام کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے جو مطالبات ہیں وہ ہم سب چاہتے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ ملک کو چلایا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیکنیکل کمیٹی کل جماعت اسلامی کے ساتھ گفتگو کرے گی، ہم نے جماعت اسلامی کو کہا ہے مزید کارکنان کو رہا کردیا جائے گا۔طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ جو باتیں جماعت اسلامی نے ہمارے سامنے رکھی ہیں وہ وزراء بھی کر رہے ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایم این ایز کے ترقیاتی منصوبوں میں بھی کٹوتی کی ہے۔طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ راولپنڈی میں ایک کروڑ سے زائد آبادی ہے، سڑک بند ہونے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رہے گا حکومت نے انرجی، فنانس کے ماہرین پر مشتمل کمیٹی بنادی ہے جو آئی پی پیز پر غور کرے گی، ان شا اللہ راستہ نکلے گا‘ فتح آپ کی ہوگی۔ دھرنے کے اثرات حکمرانوں پر پڑے ہیں۔ انہوں نے کمیٹی تشکیل دے کر مذاکرات کیے ہم نے وزرا کے سامنے اپنے مطالبات رکھے، وزرا کے پاس ہماری بات کو رد کرنے کا کوئی آپشن نہیں تھا۔ آئی پی پیز میں 92 فیصد حکومت اور 23 فیصد چین کے شیئرز ہیں‘ ہم نے ریکارڈ کے ساتھ آئی پیز سے متعلق بتایا ہے۔ راولپنڈی دھرنے کے شرکا سے شام کے سیشن میں لیاقت بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئی پی پیز کے معاہدے جھوٹ کا پلندہ ہیں، حکومتی ٹیم کو ہم نے کہا مفت بجلی، پیٹرول اور پروٹوکول کی عیاشی بند کرو ۔ شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آپ دھرنے کی صورت میں 25 کروڑ عوام کے جذبات کی ترجمانی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے 10 مطالبات پر حکومت جواب دے گی اس کے پاس کوئی آپشن نہیں ہے انہوں نے کہا کہ حکومت نے انرجی، فنانس کے ماہرین پر مشتمل کمیٹی بنادی ہے جو آئی پی پیز پر غور کرے گی، ان شااللہ راستہ نکلے گا فتح آپ کی ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ دھرنے کے اثرات حکمرانوں پر پڑے ہیں۔ انہوں نے کمیٹی تشکیل دے کر مذاکرات کیے ہم نے وزراء کے سامنے اپنے مطالبات رکھے، وزراء کے پاس ہماری بات کورد کرنے کا کوئی آپشن نہیں تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے