ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

پیرس اولمپکس میں اسرائیل کی شرکت فرانس کے لیے دردِسر بن گئی

فرانس کے دارالحکومت پیرس میں جاری اولمپکس میں اسرائیل کی شرکت نے فرانسیسی حکومت کا ناک میں دم کردیا ہے۔ اسرائیلی دستے کے ارکان کو مسلسل دھمکیاں مل رہی ہیں۔

اسرائیلی دستے میں شامل تین ایتھلیٹس نے فرانس کے سیکیورٹی حکام کو بتایا ہے کہ انہیں قتل کی دھمکیاں ملی ہیں۔ اس اطلاع پر فرانسیسی حکام شدید تشویش میں مبتلا ہیں۔ اولمپکس میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کی سیکیورٹی پر مامور افسران اور اہلکاروں کے لیے اسرائیلی دستہ دردِسر بن گیا ہے کیونکہ اُنہیں قتل کی دھمکیاں تواتر سے مل رہی ہیں۔

اسرائیل نے الزام لگایا ہے کہ ایران کی حمایت سے ایک منصوبہ تیار کیا گیا ہے جس کا مقصد پیرس اولمپکس کے دوران اسرائیلی ایتھلیٹس کو نشانہ بنانا ہے۔ ان پر حملے ہوسکتے ہیں۔ اسرائیل کے نیشنل سائبر ڈائریکٹوریٹ نے فرانسیسی حکومت کو بتادیا تھا کہ اولمپکس کے دوران اسرائیلی دستے کے ایتھلیٹس پر حملے ہوسکتے ہیں اس لیے اُن کی سیکیورٹی کا اہتمام غیر معمولی سطح پر ہونا چاہیے۔

یاد رہے کہ ماہِ رواں کے اوائل میں فرانس کے دارالحکومت اور دیگر شہروں میں اسرائیل کے خلاف مظاہرے ہوئے تھے۔ غزہ میں نہتے شہریوں کو بالعموم اور خواتین اور بچوں کو بالخصوص شہید کرنے پر اسرائیلی حکومت اور فوج کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اِن مظاہروں کے شرکا نے فرانس کی حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ پیرس اولمپکس میں اسرائیلی دستے کو شریک نہ ہونے دے۔ فرانس کے سیکیورٹی اداروں کو اس حوالے سے الرٹ کردیا گیا تھا۔

اسرائیل کے وزیرِ خارجہ کیٹز نے فرانسیسی ہم منصب سے رابطہ کرکے اس حوالے سے بات کی تھی تاکہ پیرس اولمپکس کے دوران اسرائیلی دستے کے حوالے سے کوئی ناخوش گوار واقعہ رونما نہ ہو۔

فرانسیسی حکومت نے اسرائیل کے دستے کے لیے خصوصی سیکیورٹی انتظامات کیے ہیں تاہم اس حوالے سے اُس کی پریشانی بڑھتی جارہی ہے کیونکہ اسرائیلی دستے کے ارکان کے بارے میں معلومات انٹرنیٹ پر جاری کی جارہی ہیں اور اُنہیں دھمکیاں بھی تواتر سے مل رہی ہیں۔

اسرائیل نے الزام لگایا ہے کہ چند ایرانی ہیکرز پیرس اولمپکس سے متعلق آن لائن دستاویزات میں سیندھ لگاکر اسرائیلی ایتھلیٹس اور آفیشلز سے متعلق معلومات انٹریٹ پر اپ لوڈ کر رہے ہیں۔ اِس کے نتیجے میں اسرائیلی دستے کے لیے سیکیورٹی کے مسائل بڑھ رہے ہیں۔ فرانسیسی حکومت نے اسرائیلی دستے کے بارے میں معلومات کو انٹرنیٹ پر اپ لوڈ کیے جانے سے روکنے کی بھرپور کوشش کی ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں