لاہور (وقائع نگارخصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے اسرائیلی حملے میں ایران میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کی راہ میں شہید ہونے والے ہمارے لئے باعث فخر ہیں، امت کا بچہ بچہ قبلہ اول کی حفاظت کے لئے تیار کھڑا ہے۔ عالم اسلام کو خواب خرگوش سے بیدار ہونا پڑے گا کیونکہ اسرائیل نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے اور اس کے ساتھ امریکہ برابر کا شریک ہے۔انہوں نے کہا کہ تقریباً ایک سال سے اسرائیل غزہ پر مسلسل بمباری کر رہا ہے جس میں چالیس ہزار سے زائد نہتے افراد شہید، 23لاکھ سے زائد بے گھر اور ایک لاکھ سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، اسکول، لالجز ، اسپتال، امدادی کیمپس سب تباہ کر دیئے گے ہیں۔ اقوام متحدہ سمیت تما م انسانی حقوق کے علمبر دار ممالک اسرائیل کے خلاف سخت ایکشن لینے کے بجائے محض خانہ پری سے کام لے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری اور بالخصوص مسلم ممالک کے حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی مایوسی بڑھ رہی ہے۔ اسرائیل عالمی دہشت گرد ریاست ہے اور اس کے مظالم میں ساتھ دینے والے سب ممالک بھی اسرائیلی دہشت گردی میں برابر کے شریک ہیں۔ فاسفورس بمباری کی جا رہی ہے، مگر مجال ہے کہ کسی ایک ملک نے بھی اسرائیل کے اس اقدام کے خلاف سخت ایکشن لیا ہو۔ جماعت اسلامی اپنے نہتے اور مظلوم فلسطینیوں کی آواز بلند کرتی رہے گی۔ مسلم ممالک مذمتی بیانات سے آگے بڑھیں اور عملی اقدامات کریں۔ اسرائیل فلسطینی بھائیوں کا قتل عام، خواتین کی بے حرمتی اور بچوں یتیم کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ غزہ شہر کو ملبہ کا ڈھیر بنادیا گیا۔ غزہ پر مسلسل اسرائیلی وحشیانہ بمباری سے روزانہ کی بنیاد پر سیکڑوں افراد کی شہادت عالمی برادری بالخصوص مسلم ممالک، اقوام متحدہ سمیت امن کے علمبردار ممالک کی بے حسی اور بے چارگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست ہی مشرق وسطیٰ میں امن کی ضامن ہے۔ اقوام متحدہ خاموش تماشی بننے کے بجائے اپنی ذمے داری ادا کرے۔ فلسطین کی سر زمین مسلمانوں کی ہے اور انبیا اکرام کی سر زمین کی حفاظت کرنا امت مسلمہ کا فرض ہے۔