تہران: حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی تہران میں حملے میں شہادت کے حوالے سے ایرانی پاسداران کی جانب سے اہم انکشافات کیے گئے ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق ایرانی خصوصی فوج سپاہ پاسدارانِ انقلاب نے اپنی ابتدائی تحقیقات کے نتائج جاری کیے ہیں، جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو شارٹ رینج پروجیکٹائل کے ذریعے سے نشانہ بنا کر شہید کیا گیا ہے۔ اس میزائل میں 7 کلو کا وارہیڈ استعمال ہوا۔
پاسداران کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ اسماعیل ہنیہ کو شہید کرنے کے لیے ان کی رہائش گاہ کے قریب سے میزائل فائر کیا گیا۔ پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے یہ حملہ مجرم امریکی حکومت کی حمایت سے کیا گیا ہے، اور اس کا مناسب اور شدید جواب دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ 31 جولائی کو ایرانی دارالحکومت تہران میں فلسطینی مزاحمتی تحریک کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو حملے میں شہید کردیا گیا تھا۔ یہ حملہ پراسرار تھا، جس کی تحقیقات کی ذمے داری خود پاسداران انقلاب نے اپنے ذمے لی تھی۔

