فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)جماعت اسلامی کے ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماں بٹ نے کہاہے کہ دھرنا 25کروڑ عوام کی محرومیوں، اُمیدوں کا ترجمان ہے۔ حکومت کیلئے موقع ہے کہ اپنی ڈولتی کشتی کو سہارا دینا ہے تو عوام کو ریلیف دیں ورنہ دھرنا تو جاری رہے گا، عوام اپنا حق مانگ رہے ہیں۔دھرنا عوام کو ریلیف دلانے میں ضرور کامیاب ہوگا، حکمرانوں کو مجرمانہ غفلت ترک کرنا ہوگی۔ اقتصادی استحکام ہی قومی سیاسی استحکام لائے گا۔المرکزالاسلامی چنیوٹ بازار میں زونل امراء و سیکرٹریز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ گزشتہ دس روز سے جاری دھرنا میںعوامی حمایت اور دھرنا شرکاء کے جوش و جذبہ میں مسلسل اضافہ دہورہا ہے۔ شرکاء دھرنا نے بڑی استقامت، سنجیدگی، وقار اور ملک و مِلت سے محبت کا عظیم مظاہرہ کیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کو ریلیف دینے کے اقدام کی بجائے بیان بازی سے عوام دشمن سیاست کی ہے۔ دھرنا مطالبات پر مذاکراتی کمیٹی وزیراعظم نے بنائی، وزراء اور حکومتی معاشی ماہرین دھرنا مطالبات کو رد نہ کرسکے اور اتفاق کیا کہ وہ مطالبات کے حل کے لیے وزیراعظم سے رہنمائی لیں گے لیکن وزیراعظم کی روایتی سیاست بازی اور عوام کے زخموں پر نمک پاشی نے عوام میں غم و غصہ اور حکومت مخالف جذبات کو مزید بھڑکا دیا ہے۔ وزیراعظم ہٹ دھرمی، انا، سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے چکر میں نہ پڑیں، ملک کو اِنارکی، افراتفری، لاقانونیت کی طرف نہ دھکیلیں، دھونس دھمکیوں سے دھرنا ختم نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ دھرنا کا مطالبہ ہے کہ بجلی کی جو قیمت بنتی ہے اس کے مطابق قیمت لو، پٹرول کی حقیقی قیمت لو اور ہر قسم کے حکومتی جگا ٹیکسز ختم کرو؛ تنخواہ دار طبقہ پر حالیہ بجٹ میں اضافی شرح کے مطابق ٹیکس وصولی ختم کرو، صنعت، تجارت، زراعت کا پہیہ چلنے دو، روزگار کے خاتمہ کا اندھا اقدام بند کرو،غیرترقیاتی اخراجات اور عوام کے خون پسینے کی کمائی پر مراعات یافتہ بااختیار طبقہ کی عیاشیاں قابلِ قبول نہیں، آئی پی پیز کے ناقص، ناکارہ، عوام اور ملک دشمن معاہدوں پر عملدرآمد روک کر اِن کا فرانزک آڈٹ کراؤ۔ حکمرانو نے عوام کی آواز پر کان نہ دھرے تو عوام کے خلاف اٹھایا جانے والا تمہارا ہر اقدام ان کے اقتدار کا خاتمہ بنے گا۔