راولپنڈی: انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری آج سہ پہر 3 بجے اہم پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔
پریس کانفرنس جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ہوگی۔
یاد رہے کہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے تقریباً دو ہفتے قبل ایک پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ انہوں نے اپنی پریس کانفرنس کا آغاز یہ کہہ کر کیا کہ اس رابطے کا مقصد کچھ اہم معاملات پر فوج کے موقف کو واضح کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کچھ حلقوں کی طرف سے منظم پروپیگنڈے کو بڑھاوا دیا جا رہا ہے جو حالیہ دنوں میں مسلح افواج کے خلاف جھوٹی اور من گھڑت خبریں پھیلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وقتاً فوقتاً ان مسائل پر بات کرنا ضروری ہو گیا ہے۔
دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے میں سیکورٹی فورسز کی کوششوں کے بارے میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے 22,409 انٹیلی جنس پر مبنی کارروائیاں کیں جس کے نتیجے میں 31 ہائی پروفائل دہشت گردوں کا خاتمہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کارروائیوں کے دوران 137 اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔

