English Al Qamar Urdu جون 29, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بنگلادیشی مظاہرین نے شیخ مجیب کا مجسمہ گرا دیا، تصاویر پر سیاہی مل دی

ڈھاکا:بنگلادیش میں حکومتی بساط پلٹے جانے کے بعد احتجاجی مظاہرین نے شیخ مجیب کا مجسمہ گرا کر ان کی تصاویر پر سیاہی مل دی۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق بنگلادیش میں عوام کے طویل احتجاج کے بالآخر ظالم حکومت  کو فرار پر مجبور کردیا اور وزیراعظم شیخ  حسینہ واجد استعفا دے کر بھارت فرار ہو چکی ہیں، اس دوران ہزاروں افراد وزیراعظم ہاؤس میں احتجاجاً داخل ہو گئے جب کہ مشتعل مظاہرین نے شیخ حسینہ واجد کے والد شیخ مجیب الرحمٰن کے مجسموں کو گرا کر ان کی تصویروں پر سیاہی بھی مل دی۔

شیخ حسینہ واجد کی حکومت ختم ہونے کے بعد سماجی رابطوں کے پلیٹ فارمز پر وائرل ہونے والی  وڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مشتعل بنگلادیشی مظاہرین شیخ مجیب الرحمٰن کے مجسمے پر دھاوا بولے ہوئے ہیں اور ہتھوڑوں سمیت دیگر اشیا سے اسے توڑنے کی کوشش کررہے ہیں، اس دوران مظاہرین نے ان کے مجسمے گرانے کے علاوہ ان کی تصاویر پر بھی سیاہی مل دی ہے۔

واضح رہے کہ بنگلادیشی دارالحکومت ڈھاکا میں کئی مقامات پر حکومت نے شیخ  مجیب الرحمٰن کے مجسمے اور قد آور تصاویر نصب کررکھی ہیں، جو ظالم حکومت کے خاتمے کے بعد اب عوام کے  انتقام کا نشانہ بن رہی ہیں۔

یاد رہے کہ کئی ہفتوں سے بنگلادیش میں جاری طلبہ کی تحریک کے دوران حکومتی کریک ڈاؤن میں 300 سے زیادہ افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں، جس کے بعد بنگلادیشی آرمی چیف نے وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کو چند منٹوں کی مہلت دیتے ہوئے استعفا دے کر ملک سے باہر جانے کا حکم دیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے