مظفر آباد(صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت ہوش کے ناخن لے اور بیٹھ کر مسئلہ کشمیر پر بات کرے، کشمیریوں اور فلسطینیوں کو ان کا حق دیا جائے، امن کا راستہ یہی ہے، باقی تمام راستے تباہی کی طرف جاتے ہیں،ایسی آنکھ کو نوچ کر پاؤں تلے روند دیں گے جو پاکستان کی جانب اٹھے گی۔قابض بھارتی حکومت نے آج کے دن مقبوضہ کشمیرکے لوگوں کے حقوق غصب کیے، وہ وقت دور نہیں جب بھارت کو کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینا پڑیگا۔ تفصیلات کے مطابق یوم استحصال کشمیر کے موقع پر قانون ساز اسمبلی آزادجموں وکشمیر کے خصوصی اجلاس سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ظالمانہ اقدام سے وہاں کے عوام کی زندگی اجیرن ہے، 77 سال سے کشمیریوں کے ساتھ ظلم کیا جارہا ہے اور 5 اگست کو کشمیریوں کے حقوق کو غصب کیا گیا، وہ دن ضرورآئے گا جب کشمیریوں کو آزادی ملے گی، کشمیریوں کو حقوق ملنے تک پاکستان حمایت جاری رکھے گا، عالمی اداروں کے دروازوں پردستک دیتا رہے گا، بہتر یہی ہے کہ ہم امن کا راستہ اپنائیں اور بیٹھ کر تنازعات کو حل کریں، ہندوستان کو ہوش کے ناخن لینے پڑیں گے، شہباز شریف نے کہا کہ 5 اگست کی بڑی اہمیت ہے کیوں کہ 14 اگست سے پہلے 5 اگست آتا ہے اور آج کے دن بھارتی حکومت نے غاصبانہ طور پر مقبوضہ جموں وکشمیر میں کے رہائشیوں کے حقوق کو چھین لیا، 5 اگست 2019 کو کشمیر کے حقوق سلب کیے گئے۔وزیراعظم نے کہا کہ آرٹیکل 370 اور دفعہ 35 اے کا خاتمہ کرکے مقبوضہ کشمیر میں غیر ریاستی لوگوں کو آباد ہونے کا غیرقانونی حق دے دیا گیا، شہریت اور وہاں پر رہنے والے لوگوں کی جائیدادیں ناجائز طور پر خریدنے کا ان کو ناجائز حق دیا گیا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آزادی کا حق مانگنے والے کشمیری 77 سال سے ظلم برادشت کررہے ہیں، یہ وہ ظالمانہ اقدام ہیں جو تواتر کے ساتھ مقبوضہ کشمیر میں آزادی کا حق مانگنے والے لاکھوں ، کروڑوں کشمیریوں کے ساتھ پچھلے 77 سال کے ساتھ یہ ظلم ہورہا ہے،پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت ہمیشہ جاری رکھے گا۔
