English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بلوچستان کی ترقی کیلئےخلوصِ دل سے کام کریں گے، صدر مملکت

the development of Balochistan

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ بلوچستان کو ترقی کے دھارے میں لانے کے لئے پہلے بھی خلوص دل سے کام کیا ہے اور آئندہ بھی کریں گے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری سے ایوان صدر میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ملاقات کی جس میں بلوچستان کی مجموعی سیاسی صورتحال امن و امان اور صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے صدر مملکت آصف علی زرداری کو صوبے کی معاشی و اقتصادی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے شروع کیے جانے والے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں صحت اور سماجی بہبود کی خدمات کو عوامی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جاررہے ہیں۔

میر سرفراز بگٹی نے بتایا کہ سندھ کی طرز پر پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت طبی اداروں کی فعالیت کے لئے حکومت بلوچستان کے افسران نے سندھ کا دورہ کرکے جائزہ رپورٹ اور جامع سفارشات مرتب کی ہیں ، صوبائی بجٹ میں قابل عمل منظور شدہ ترقیاتی منصوبوں کو شامل کیا گیا ہے تاکہ دستیاب وسائل کو عوام کی بہبود پر خرچ کیا جاسکے۔

اس موقع پر صدر مملکت نے کہا ہے بلوچستان کو ترقی کے دھارے میں لانے کے لئے پہلے بھی خلوص دل سے کام کیا ہے اور آئندہ بھی کریں گے، بلوچستان ہمارے دل کے قریب ہے خواہش ہے کہ بلوچستان ترقی کے عمل میں آگے بڑھے اور عام آدمی کا معیار زندگی بلند ہو۔

آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ بلوچستان صوبائی حکومت سے عوام نے جو توقعات وابستہ کر رکھی ہیں اس پر پورا اترنے کے لئے ہر ممکن رہنمائی اور معاونت کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے