ڈھاکا:بنگلادیش کے برطرف کیے گئے انٹیلیجنس چیف کو ملک سے فرار کی کوشش میں گرفتار کرلیا گیا۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق گزشتہ روز عہدے سے برطرف کیے گئے بنگلادیش کے انٹیلیجنس چیف میجر جنرل ضیا الحسن کو ملک سے فرار کی کوشش میں طیارے سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔ بعد ازاں انہیں ڈھاکا کینٹ منتقل کردیا گیا۔
بنگلادیشی دارالحکومت ڈھاکا کے ہوائی اڈے پر پرواز کے لیے تیار اماراتی ائرلائن کے طیارے کو ہنگامی طور پر واپس لاکر تلاشی لی گئی، جس میں سوار ایک مسافر کو حراست میں لے کر طیارے کو پرواز کی اجازت دی گئی۔ مقامی میڈیا میں بتایا گیا ہے کہ طیارے سے اتار کر حراست میں لیے گئے شخص دراصل میجر جنرل ضیا الحسن ہیں کو بنگلادیشی انٹیلیجنس چیف تھے اور گزشتہ روز انہیں عہدے سے ہٹایا گیا تھا۔
یاد رہے کہ بنگلادیش میں حسینہ واجد کی ظالم اور آمرانہ حکومت کا تختہ الٹے جانے کے بعد ان کے قریبی ساتھی سمجھنے جانے والے میجر جنرل ضیا الحسن کو انٹیلیجنس چیف کے عہدے سے برطرف کردیا گیا تھا، جو 2022ء سے ڈی جی نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن مانیٹرنگ سینٹر کے طور پر کام کررہے تھے۔
دوسری جانب میجر جنرل ضیا الحسن کے اہل خانہ یا بنگلادیشی فوج کی جانب سے ان کی گرفتاری سے متعلق کوئی تردید یا تصدیق سامنے نہیں آئی۔

