حیدرآباد (اسپورٹس ڈیسک )قمر ہاکی الیون حیدرآباد کے زیر اہتمام ریحان عمر ملک میموریل حیدرآباد چیلنجرز 7 سائیڈ ہاکی لیگ کے انڈر 16 بوائز اور گرلز کیٹیگری کے فائنل میں قمر ہاکی الیون اکیڈمی نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد پینلٹی شوٹ آؤٹ پر لیگ کی ہاٹ فیورٹ ٹیم رضوان تنویر ہاکی اکیڈمی کو شکست دے کر فائنل کی ٹرافی اپنے نام کرلی۔ مقررہ وقت تک میچ 2-2 گول سے برابر رہا فاتح ٹیم کی جانب سے کنشہ ظفر اور حذیفہ نے گول اسکور کیے جبکہ RTH اکیڈمی کی جانب سے شایان اویس نے دونوں گول اسکور کیئے۔ فائنل میچ کا فیصلہ پینلٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا جس میں قمر ہاکی الیون اکیڈمی نے 1-2 سے RTH اکیڈمی کو شکست دے کر فائنل کی ٹرافی اپنے نام کی۔ اس لیگ کے سینئر کیٹیگری کے فائنل میں قمر اسپورٹس ہاکی کلب نے فخرالدین خان ہاکی کلب کو 0-5 شکست دے کر فائنل جیت لیا فاتح ٹیم کی جانب سے شیری نے 3 گول اسکور کیئے جبکہ یاسر شاہ اور منور حسین نے ایک ایک گول اسکور کیا۔ فائنل میچوں کی تقریب کے مہمان خصوصی ممبر صوبائی اسمبلی انجینئر صابر حسین قائم خانی ، مہمان اعزازی ڈسٹرکٹ ممبر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کامران قریشی اور مہمان خاص ڈپٹی کمشنر ایف بی آر حیات عمر ملک تھے۔ میچز کے اختتام پر مہمانوں کا لیگ میں شریک ٹیموں سے تعارف اور گروپ فوٹو کرایا گیا۔ کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر صابر حسین قائم خانی کہا کہ حیدرآباد میں جب جب ہمیں اختیار ملا تو متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے نمائندوں نے اسپورٹس کی بحالی کیلئے گراؤنڈ بنائے مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اس کے بعد آنے والے لوگوں نے اس کو قابل کھیل رکھنے کے لیے کوئی کام نہیں کیا اس اسٹیڈیم کی صورتحال دیکھ کر بہت دکھ ہو رہا ہے میں جلد اس گراؤنڈ کی بحالی اور اسٹروٹرف کی تبدیلی کے لیے سندھ گورنمنٹ سے بات کرونگا۔
