اوٹاوا (انٹرنیشنل ڈیسک) کینیڈین پولیس نے اونٹاریو میں ایک شخص کو وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کے خلاف دھمکیاں دینے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق 33 سالہ شخص نے مبینہ طور پر ایک آن لائن وڈیو پوسٹ کی تھی جس میں وزیر اعظم کا ساتھ دے کر ملزم کے منصوبے میں مداخلت کرنے والے پولیس اہلکار وں کو بھی سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔ اس سے قبل پولیس نے البرٹا کے 2افراد کو ٹروڈو اور دیگر کینیڈین سیاسی رہنماؤں کو دھمکیاں دینے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ گزشتہ ماہ امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملے کے بعد کینیڈا کے وزیر برائے تحفظ عامہ ڈومینک لیبلانک نے کہا تھا کہ کینیڈا کے سیکورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اہلکار زیادہ چوکس ہو گئے ہیں۔ امریکا میں بھی ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار کملا ہیرس کو اسی طرح دھمکیاں دینے والے شخص پر فردِ جرم عائد کی گئی تھی۔ جمعہ کے روز ورجینیا کی عدالت نے فرینک کیریلو نامی شخص پر فردِ جرم عائد کرتے ہوئے بتایا کہ مجرم نے سوشل میڈیا سائٹ ویب سائٹ گیٹر پر کملا ہیرس کے لیے دھمکی آمیز پیغامات کی ایک سیریز پوسٹ کی تھی۔ یہ پیغامات 27 جولائی کو صدر جو بائیڈن کے صدارتی انتخابات کی دوڑ سے باہر ہونے 6 دن بعد پوسٹ کیے گئے تھے۔ فرینک کیریلو نے صرف کملا ہیرس کو ہی نہیں بلکہ امریکی صدر جو بائیڈن اور ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کرسٹوفر رے کو بھی اپنے پیغامات میں نشانہ بنایا تھا۔ عدالتی دستاویزات کے مطابق گھر کی تلاشی کے دوران ایف بی آئی کو رائفل اور ہینڈگن ملی تھی۔
