English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

حکومت جماعت اسلامی کیساتھ معاہدے پر 45 روز میں عمل یقینی بنائے، منعم ظفر

Landlords should be taxed instead of poor people

کراچی: جماعت اسلامی کے تحت مہنگی بجلی ٗ آئی پی پیز کے عوام دشمن معاہدوں اور بجٹ میں تنخواہ دار طبقے وتاجروں پر ظالمانہ ٹیکسوں کے خلاف راولپنڈی میں دھرنے کے 14ویں دن حکومت کی جانب سے مطالبات کی منظوری و معاہدے پر دستخط کرنے اور کامیاب دھرنے کے انعقاد پر جماعت اسلامی کے تحت کراچی میں بھی یوم تشکر منایا گیا۔

اس موقع پر کارکنوں نے مٹھائیاں تقسیم کیں اور ایک دوسرے کو مبارکباد اور اس عزم کا اظہار کیا کہ جدوجہد جاری رہے گی۔  شہریوں کی جانب سے جماعت اسلامی کی حق دو عوام کو تحریک اور جدوجہد پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔

علاوہ ازیں ادارہ نورحق سمیت شہر بھرمیں متعدد مقامات پر بڑی بڑی ایس ایم ڈی اسکرینوں پر اسلام آباد ہائی وے پر ہونے والے جماعت اسلامی کے عظیم الشان جلسہ عام کی کارروائی اور امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کا خطاب براہ راست نشر کیا گیا، جس میں جماعت اسلامی کے کارکنوں اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور حافظ نعیم الرحمن کا خطاب سنا۔

دریں اثنا امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے راولپنڈی وگورنر ہاؤس کراچی میں دھرنوں کی کامیابی اور کارکنوں کی استقامت،نظم وضبط اور جوش اور جذبے کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی نے حکومت سے عوام کے مطالبات منظور کروالیے ہیں،حکومتی وزراء نے معاہدے پر دستخط کیے ہیں، حکومت پابند ہے کہ 45دنوں کے اندر اندر ان پر عمل درآمد کو یقینی بنائے گی اور عوام کو ریلیف دے گی۔

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے دھرنے مؤخر کیے ہیں ختم نہیں کیے،ہم حکومت کا تعاقب کریں گے۔ جماعت اسلامی کی حق دو عوام کو اور حق دو کراچی کو تحریک مزید تیز کی جائے گی۔

منعم ظفر خان کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام بجلی، پانی سڑکوں کی خستہ حالی،ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی،صفائی ستھرائی اور تعلیم وصحت سمیت بے شمار مسائل کا شکار ہیں، سندھ حکومت کے ایم سی،واٹر کارپوریشن اور سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کی نااہلی و کرپشن کے باعث شہریوں کے مسائل حل نہیں ہورہے،جماعت اسلامی عوام کے ساتھ ہے اور مسائل کے حل کے لیے آواز اٹھاتی رہے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے