حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) کامریڈ نذیر عباسی شہید کمیونسٹ پارٹی آف پاکستان کے کم عمر سینٹرل کمیٹی کے ممبر نے اس ملک کی مظلوم عوام و مظلوم قوموں کے حقوق کی حاصلات کے لیے جنرل ضیا کی آمریت میں جدوجہد کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ دیا۔ یہ باتیں کمیونسٹ پارٹی ضلع حیدرآباد کے سیکرٹری کامریڈ اقبال نے شورو گوٹھ میں کامریڈ نذیر عباسی شہید کو انقلابی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پروگرام میں کہیں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج خطے اور ملک میں سامراجی ممالک کی لڑائی کے باعث انارکی کی صورتحال اُبھر رہی ہے ، مظلوم قوموں کے حقوق کی حاصلات کی آواز بند کرنے کے لیے کشت و خوں کا بازار گرم کیا ہوا ہے ، مزدوروں کو سامراجی ایجنڈے کے تحت لیبر کوڈ 2024 میں جکڑا جا رہا ہے، سندھ کی زرعی معیشت کو تباہی کے دہانے لاکر 54 ہزار ایکڑ زرعی زمین کو بیرونی سامراجی کمپنیوں کے حوالے کیا جارہا ہے، کسانوں اور چھوٹے کاشت کار اور خاص طور پر ٹیل کے کاشت کار پانی کی عدم فراہمی کے لیے سراپا احتجاج ہیں، ایسی صورتحال میں کامریڈ نذیر عباسی جیسے رہنماں کی عوام کو سخت ضرورت ہے جو ایک منظم، کیڈر پارٹی کی صورت میں عوام کو اس سامراجی اور ان کے ریجنل مینیجرز سے چھٹکارا دلواکر انسان دوست نظام سوشلزم میں لے جائیں، جہاں مفت اعلیٰ تعلیم، صحت، روزگار، مفت گھر سمیت تمام ضروریاتِ زندگی کی مراعات عوام کو حاصل ہوں۔
