ڈھاکا: طلبا کے الٹی میٹم کے بعد بنگلا دیش کے چیف جسٹس عبیدالحسن کی جانب سے اپنے عہدے کا استعفیٰ دے دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چیف جسٹس نے یہ فیصلہ طلبہ مظاہرین کے ہائی کورٹ کے احاطے میں جمع ہونے کے بعد کیا ، مظاہرین نے چیف جسٹس کو استعفیٰ دینے کے لیے ایک گھنٹے کا الٹی میٹم دیا تھا۔
بنگلہ دیشی چیف جسٹس کے ساتھ پانچ ججز نے بھی استعفیٰ دے دیا ہے ، طلبہ نے استعفیٰ نہ دینے کی صورت میں ججوں کی رہائش گاہوں پر دھاوا بولنے کا اعلان کیا تھا۔
اس سے قبل چیف جسٹس عبیدالحسن نے سپریم کورٹ کے دونوں ڈویژنوں کے تمام ججوں کے ساتھ فل کورٹ میٹنگ طلب کی تھی جس کے بعد صورتحال تیزی سے خراب ہونا شروع ہوگئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق طلبا تحریک کے مظاہرین فل کورٹ میٹنگ کو عدلیہ کی جانب سے بغاوت قرار دے رہے ہیں ، احتجاجی طلبا کے ہائی کورٹ کے محاصرے کے پیشِ نظر چیف جسٹس نے اجلاس ملتوی کر دیا اور مستعفیٰ ہونے کا فیصلہ کیاہے۔
دوسری جانب بنگلہ دیش کے مرکزی بینک کے صدر نے بھی استعفی دے دیاہے ۔

