English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلیے انتظامات کیے جائیں،مشیر وزیر اعلیٰ

القمر

شکارپور (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے کشمور کندھکوٹ، جیکب آباد اور شکارپور میں رین ایمرجنسی کے لیے مقرر کردہ فوکل پرسن اور بین الصوبائی رابطہ اور کوآپریٹو ڈپارٹمنٹ سندھ کے کنسلٹنٹ احسان الرحمان مزاری نے مون سون کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ڈپٹی کمشنر آفس میں اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ایم پی اے امتیاز احمد شیخ، ایم پی اے محمد عارف خان مہر، چیئرمین ضلع کونسل ذوالفقار خان، اے ڈی سی ون ظفر عباس عباسی، وائس چیئرمین میونسپل کمیٹی، چیئرمین ٹاؤن کمیٹی، چیف انجینئر اسکارپ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لائیو اسٹاک، پبلک ہیلتھ آفیسر، ایکسین واپڈا، چاروں تعلقہ کے اسسٹنٹ کمشنرز، مختار کاروں اور تمام ضلعی افسران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر صوبائی مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ و کوآپریٹو محکمہ سندھ احسان الرحمان مزاری کو بریفنگ دیتے ہوئے اے ڈی سی ون ظفر عباس عباسی نے بتایا کہ ضلع میں ایم این اے کی 2 اور ایم پی اے کی 3 نشستیں ہیں، یہاں بارش 41 ملی میٹر سے 29 ملی میٹر تک ہوتی ہے، شکارپور شہر میں 20 پمپنگ اسٹیشن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کی جانب سے ایمرجنسی کے لیے کنٹرول روم کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اور ہر تعلقہ کے اسسٹنٹ کمشنر کے دفاتر میں کنٹرول روم قائم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لکی، خان پور، گڑھ یاسین میں بارشوں سے بعض مقامات کو نقصان پہنچا ہے،ضلع میں 32 اربن اور 59 دیہی پمپنگ اسٹیشنز ہیں، کچھ شہری اور دیہی پمپنگ اسٹیشنز میں مسائل ہیں۔ اس موقع پر ایم پی اے محمد عارف خان مہر نے اجلاس میں گفتگو کرتے کہا کہ لکھی غلام شاہ میں نکاسی آب کے تمام مسائل ہیں، کچھ پمپنگ اسٹیشن چل رہے ہیں اور کچھ بند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نالہ پرانا ہے اور پائپ بھی چھوٹے ہیں۔ ایم پی اے محمد عارف خان نے کہا کہ کھڑے پانی کی وجہ سے مختلف بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شکارپور ضلع کونسل کے چیئرمین ذوالفقار خان نے کہا کہ بارش کے موسم میں جانوروں کو حفاظتی ٹیکے ضرور لگوائیں کیونکہ ان کا گزر بسر انہی سے چلتا ہے۔ وائس چیئرمین میونسپل کمیٹی نے کہا کہ شکارپور میں ہم نے بارشوں کے پانی کی نکاسی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے ہیں اور ایم پی اے امتیاز احمد شیخ نے پمپنگ اسٹیشنوں کی بجلی کی لائنیں الگ کر دیں تاکہ بارش کے دوران پمپنگ اسٹیشنز کو بجلی کی فراہمی ممکن ہو سکے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر وسیم الدین شیخ نے بتایا کہ مون سون کی بارشیں ضلع میں ہنگامی حالات کے لیے 25 ایمبولینسز ہیں اور 1122 گاڑیاں بھی ہمارا ساتھ دیتی ہیں، ہمارے پاس ہنگامی استعمال کی تمام ادویات موجود ہیں۔ آج سے 16 اگست تک بارشوں کا بڑا سلسلہ ہونے والا ہے، اس کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ نے مجھے فوکل پرسن مقرر کیا ہے۔ اس موقع پر ضلع میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے تمام انتظامات مکمل کیے جائیں اور کسی قسم کی غفلت نہ برتی جائے۔ ضلع میں سب سے بڑا مسئلہ بارش کے پانی کا ہے، بارش کے دوران پانی کی جلد از جلد نکاسی کی جائے اگر کوئی مسئلہ ہو تو مجھے تحریری طور پر دیا جائے تاکہ میں وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ کو آگاہ کر سکوں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایمبولینسز، ادویات اور ڈاکٹرز کو ہمہ وقت تیار رکھا جائے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے