راولپنڈی: بنگلادیش کے خلاف میچ میں سابق کپتان بابراعظم پہلی مرتبہ ہوم گراؤنڈ پر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کے پہلے دن قومی ٹیم کے تجربہ کار بیٹر اور سابق کپتان بابراعظم ہوم گراؤنڈ پر پہلی مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔
بدھ کے روز شروع ہونے والی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کی جانب سے بنگلادیش کی دعوت پر پہلے بیٹنگ شروع کی گئی، جس میں صرف 16 کے مجموعی اسکور پر 3 کھلاڑی آؤٹ ہوکر میدان سے باہر چلے گئے۔
ان ہی میں سابق کپتان بابراعظم بھی شامل ہیں جو صرف 2 ہی بالز کھیل سکے اور وکٹ کے پیچھے کیچ دے کر آؤٹ ہوئے۔
یاد رہے کہ قومی کھلاڑی بابراعظم مجموعی طور پر 53 ٹیسٹ میچز کی 95 اننگز میں بغیر کوئی رن بنائے 8 مرتبہ آؤٹ ہوئے ہیں، ان میچز میں سے 7 پاکستان سے باہر کھیلے گئے جب کہ آج ہوم گراؤنڈ پر بابراعظم آٹھویں مرتبہ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

