English Al Qamar Urdu جون 29, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

مصری صدر کا 12برس بعد دورئہ ترکیہ، اردوان سے ملاقات

تُرک صدر رجب طیب اِردوان اور ان کے مصری ہم منصب عبدالفتاح سیسی ملاقات کررہے ہیں

انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) مصر کے صدر عبدالفتاح سیسی 12 سال بعد ترکیہ کے دورے پر پہنچ گئے،جہاں انہوںنے صدر رجب طیب اِردوان سے ملاقات کی۔اس دوران دونوں صدور نے علاقائی مسائل سمیت تعلقات کو مضبوط بنانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔خبررساں اداروں کے مطابق صدر سیسی بدھ کے روز انقرہ پہنچے ،جہاں ان کا شان دار استقبال کیا گیا۔ ترکیہ کے صدارتی آفس سے جاری بیان کے مطابق صدر اِردوان سے ہونے والی ملاقات میں دونوں رہنماں نے خطے کی موجودہ صورتِ حال اور عالمی مسائل خاص طور پر غزہ پر اسرائیلی حملے اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے متعلق امور پر گفتگو کی۔ اس دورے میں دونوں ممالک میں تقریباً 20 معاہدوں پر دستخط ہوں گے جن میں توانائی، دفاع، سیاحت، صحت، تعلیم اور ثقافت کے شعبے شامل ہیں۔ یاد رہے کہ مصر میں 2013 ء میں فوج کے اس وقت کے سربراہ عبد الفتاح السیسی نے منتخب صدر محمد مرسی کی حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا جس کے بعد انقرہ نے قاہرہ کے ساتھ تعلقات منقطع کر دیے تھے۔ محمد مرسی ترکیہ کے اتحادی تھے اور انہوں نے بطور صدر 2012 میں انقرہ کا دورہ بھی کیا تھا۔ دونوں ملکوں کے درمیان اس وقت تعلقات بہتر ہونا شروع ہوئے جب ترکیہ نے 2020 میں اپنے علاقائی حریفوں کے ساتھ تناؤ کو کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں شروع کیں۔ انہی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں ترک صدر نے رواں برس فروری میں ہی مصر کا دورہ کیا تھا۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے