میرپورخاص (نمائندہ جسارت)نقشہ منظور نہ کرانے کا بہانہ بناکر ایس بی سی اے نے سیاسی انتقامی کارروائی کا نشانہ بناتے ہوئے الیکشن کے دوران پی ٹی آئی کے امیدوار کا مرکزی الیکشن آفس ملک ہائوس کو سیل کر نے کے عمل کو مقامی عدالت نے سات ماہ کے بعد اس کارروائی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے ملک ہائوس کے تالے کھولنے کے حکم کے بعد عدالتی عملے کی موجودگی میں تالے کھول دیے گئے کارکنان میں خوشی کی لہر۔ تفصیلات کے مطابق سات ماہ قبل 26/1/2024 الیکشن کے دوران سیاسی انتقامی کارروائی کا نشانہ بناتے ہوئے نقشہ منظور نہ کرانے کا بہانہ بناکر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میرپورخاص نے پی ٹی آئی صوبہ سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری اور امیدوار برائے قومی اسمبلی حلقہ 211 ملک راجہ عبدالحق کے مرکزی الیکشن آفس ملک ہائوس میرپور خاص کو سیل کر دیا تھا جبکہ ایس پی سی اے میرپور خاص کے پاس اس حوالے سے کوئی قوانین ہی موجود نہیں ہیں ان کے اس غیر قانونی عمل سے ملک راجا عبدالحق کی انتخابی مہم بھی شدید متاثر ہوئی اور انہیں ٹینٹ لگا کر اپنی انتخابی مہم جاری رکھنا پڑی۔ایس پی سی اے کے اس غیر قانونی کارروائی کے خلاف ملک راجا عبدالحق نے سیکنڈ سینئر سول جج میرپورخاص کی عدالت سے رجوع کیا اورمختلف تاریخوں کے بعد عدالت نے سات ماہ کے بعد ایس پی سی اے میرپورخاص کے اس عمل کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے فوری طور پر ملک ہائوس کے تالے کھولنے کا حکم دیا جس پر گزشتہ روز عدالتی عملے کی موجودگی میں مقامی افسران نے ملک ہاوس کے تالے کھولے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی میرپورخاص ڈویڑن کے صدر ملک آفتاب حسین قریشی اور کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی اور خوشی میں مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں ۔واضح رہے کہ ایس پی سی اے میر پورخاص کے قوانین ہی موجود نہیں ہیں اس کے باوجود وہ شہر میں کارروائیاں کر رہے ہیں جبکہ ایس پی سی اے میرپورخاص نے28/4/221کو سندھ ہائی کورٹ میں خود اعتراف کیا ہے کہ ہمارے قوانین نہیں ہیں اس حوالے سے پی ٹی آئی رہنما ملک راجا عبدالحق نے بتایا کہ ہم نیبلڈنگ کے تمام دستاویزات ایس پی سی اے کے دفتر میں جمع کرائے ہیں لیکن وہ ٹال مٹول سے کام لے رہے تھے اور ان کا کہنا تھا کہ کراچی قوانین کے مطابق ہم آپ کو نقشہ منظور کر کے دیتے ہیں جبکہ ہم نے فیس کے چالان بھی جمع کرائے ہوئے ہیں لیکن کراچی قوانین کے مطابق نقشہ منظور کرانا غیر قانونی عمل ہے جس پر ہمیں تحفظات ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ اسی قسم کے کئی مقدمات سندھ ہائی کورٹ کراچی میں زیر سماعت ہیں، انہوں نے ملک ہائوس کے تالے کھولنے کے عدالتی فیصلے کو حق اور سچ کی فتح قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت تک میرپورخاص کے شہریوں کو تنگ نہیں کر سکتے جب تک کہ ان کے قوانین منظور نہ ہو جائیں میں نے یہ جنگ ملک ہائوس کی نہیں بلکہ میرپورخاص کے تمام شہریوں کے لئے لڑی ہے اور سب کی دعاوں سے اللہ تعالی نے ہمیں کامیابی عطافرمائی ہے۔
