فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)جماعت اسلامی کی ضلعی سیاسی کمیٹی کے صدر میاں طاہرایوب نے شہریوں کو پاسپورٹ کے حصول میں شدید مشکلات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاسپورٹ کا حصول ایک بنیادی حق اور شہریوں کی اہم ضرورت ہے مگربیورو کریسی نے پاسپورٹ کے حصول کو بھی عام آدمی کی پہنچ سے باہر کردیا ہے۔ مقامی دفتر میں ٹائوٹ مافیا کا راج ہے۔وزارت داخلہ نے آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔ کرپشن،بدانتظامی اور بے قاعدگی عروج پر ہے، سیکڑوںمرد وخواتین شدید دھوپ اور گرمی کے اندر گھنٹوں لائنوں میں دھکے کھانے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ6لاکھ سے زائد پاسپورٹ کی درخواستیں گزشتہ6 ماہ سے محکمہ کے پاس جمع ہیں ۔اگر کوئی نارمل فیس پر پاسپورٹ بنوانا چاہے تو اسے کئی کئی مہینوں بعد کا طویل وقت دے دیا جاتا ہے جبکہ دفتر کے باہر موجود ٹائوٹ ارجنٹ بنوانے کا لالچ دے کرشہریوں سے طے شدہ فیس سے کئی گنا زیادہ پیسے بطور رشوت وصول کررہے ہیں ۔ ارجنٹ فیس کے باوجود سائل دو ماہ سے لوگ دفتر کے چکر کاٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کے ویزے زائد المعیاد ہونے کی وجہ سے ملازمتیں ختم ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ دفترمیں بیٹھے ہوئے کمیشن مافیا نے ہر سطح پر کمیشن اور کرپشن کے کلچر کی حوصلہ افزائی کی ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ زیادہ سے زیادہ پندرہ دنوں میں پاسپورٹ واپس کیے جائیں اور پاسپورٹ دفاتر سے ٹائوٹ مافیا کا خاتمہ کیا جائے۔
