
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک) یوکرین نے روس کے دارالحکومت ماسکو سمیت دیگر علاقوں پر 100 سے زائد ڈرون طیاروں سے حملہ کردیا،جس میں ایک خاتون ہلاک ہوگئی۔ خبررساں اداروں کے مطابق یوکرین نے رات کی تاریکی میں روس کے مختلف شہروں پر ڈرون طیاروں سے حملہ کیا جس میں سے روس نے 144 ڈرون مار گرائے۔ یوکرین کی جانب سے بھیجے گئے ڈرون میں سے 20 ماسکو کی فضا میں داخل ہوئے جنہیں ڈیفنس سسٹم نے مار گرایا ،تاہم اس دوران ایک ڈرون کی باقیات عمارت سے ٹکرانے سے نقصان پہنچا ۔ حملے کے بعد دارالحکومت ماسکو کے 3 ہوائی اڈوں سے پروازوںکی روانگی کو جزوی طور پر معطل کردیا گیا اور 48 پروازوں کو دیگر ہوائی اڈوں کی طرف موڑ دیا گیا ۔ روسی حکام کہنا ہے کہ یوکرین کی سرحد کے قریب برائنسک کے علاقے پر 59 ڈرون مار گرائے گئے۔ تولا کے علاقے میں تباہ کیے گئے ڈرون کا ملبہ ایندھن اور توانائی کی تنصیب پر گرا، تاہم اس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔واضح رہے کہ روس نے مئی 2022 ء میں یوکرین کے قصبے ڈیسنا میں ریزرو فورسز کے تربیتی میدان کو نشانہ بنایا تھا جس میں 87 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔اسی سال مارچ میں ملک کے مغربی حصے میں ایک فوجی اڈے پر روسی حملے میں 35 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔صدرپیوٹن نے 24 فروری 2022 ء کو یوکرین پر شمال، مشرق اور جنوب کی جانب سے حملے کا آغاز کیاتھا انہوں نے روسی فوج کی اس پیش قدمی کو خصوصی ملٹری آپریشن کا نام دیا تھا۔
