English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

امریکی غلاموں نے ملک و قوم کی سلامتی دائو پر لگادی ،جاوید قصوری

القمر

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے وزیر دفاع خواجہ آصف کے بیان کہ ’’ امریکی دبائو پاک ایران گیس معاہدہ پورا نہیں ہونے دے رہا ‘‘ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک ایران گیس پائپ لائن ، قومی سلامتی کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے انتہائی اہم ہے اور اس کی تکمیل جلد ہونی چاہیے۔ یہ معاہدہ 2008 میں مکمل ہونا تھا لیکن 16سال گزرنے کے باوجود یہ ادھورا ہے۔ اس حوالے سے ایران کا عالمی عدالت سے رجوع کرنے ے ا علان کے باوجود بھی پاکستانی حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی، معاہدے کی عدم تکمیل سے ہمیں ایران کو 18ارب روپے کا ہرجانہ ادا کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کا ہر ملک اپنے قومی مفادات کو دیکھتا ہے لیکن بد قسمتی سے پاکستان کے غلام ابن غلام حکمرانوں نے ملک کو امریکا کی طفلی ریاست بنا کر رکھ دیا ہے،جب تک یہ غلامانہ سوچ کے حامل حکمران ملک و قوم پر مسلط رہیں گے اس وقت تک پاکستانی آزاد فضائوں میں سانس اور پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہو سکتا، امریکی غلاموں نے ملک و قوم کی سلامتی کو دائو پر لگا دیا ہے ، امریکی دبائو براہِ راست پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت ہے اور یہ سلسلہ روز بروز بڑھتا چلا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کی کارکردگی کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ پی ڈی ایم ون،پی ڈی ایم ٹو اور کیئر ٹیکر حکمرانوں نے گزشتہ 5 برس میں 57 ارب 27 کروڑ ڈالر کا بیرونی قرض حاصل کیا ہے، قوم پوچھتی ہے کہ یہ قرض کہاں استعمال ہو رہا ہے؟ عوام کو ریلیف میسر ہے اور نہ ہی ترقیاتی کاموں پر لگتا نظر آتا ہے، یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے حکومت غیر ملکی قرض حاصل کرکے اشرافیہ کو نواز رہی ہے اور اس کا سارا بوجھ عوام پر ہے ۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے کہا کہ بجلی کی قیمت میں مسلسل اضافے کے باوجود رواں سال پاور سیکٹر کے گردشی قرضے میں 100ارب روپے کے اضافے کی پیشنگوئی کی جا رہی ہے جس سے گردشی قرضہ 2400 ارب سے تجاوز کر کے 2550تک پہنچ جائے گا ۔ حکومت نے اگر حقیقی معنوں میں عوام کو ریلیف دینا ہے تو گردشی قرضے کو کم سے کم کیا جائے ، آئی پی پیز سے کئے گئے ظالمانہ معاہدوں کو ختم اور مفت بجلی کی ترسیل بند کی جائے، حکومتی پالیسیوں کی بدولت عوام کی کمرٹوٹ چکی ہے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے