اسلام آباد: انسداد دہشتگردی عدالت نے خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی امین گنڈا پور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔
میڈیا ذرائع کے مطابق اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت میں جج طاہر عباس سپرا نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی امین گنڈاپور کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کی۔
سماعت کے دوران علی امین گنڈا پور کے وکیل ظہور الحسن نے عدالت میں ان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست جمع کروائی۔
وکیل نے دلائل دیے کہ علی امین گنڈا پور طبیعت کی خرابی کی وجہ سے حاضر نہیں ہو سکے اور عدالت سے درخواست کی کہ انہیں آج کی سماعت سے معاف رکھا جائے۔
پراسیکیوٹر راجا نوید نے سخت مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ملزم مسلسل غیر حاضر ہے اور عدالت کے احکامات کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے بھی علی امین گنڈا پور کے رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سماعت میں بھی استثنیٰ کی درخواست دی گئی تھی اور بعد میں ملزم نے جلسے میں شرکت کی۔
جج نے ریمارکس دیے کہ علی امین گنڈا پور کا رویہ عدالت کے وقار کے خلاف ہے اور اسے نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
عدالت نے علی امین گنڈا پور کی استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
اس کے ساتھ ہی عدالت نے پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں واثق قیوم عباسی، راجہ راشد حفیظ اور عامر محمود کیانی کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
علاوہ ازیں عدالت نے عمر تنویر بٹ کو مسلسل غیر حاضری کی وجہ سے اشتہاری قرار دے دیا ہے۔
یہ فیصلہ 9 مئی کے واقعات سے متعلق مقدمات میں ان کی مسلسل غیر حاضری اور عدالت کی ہدایات کی خلاف ورزی کے بعد سنایا گیا۔

