سکھر (نمائندہ جسارت ) کمشنر سکھر ڈویژن فیاض حسین عباسی کی زیر صدارت ڈویژن کی مرکزی شاہراہوں پر ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے لیے موٹر وے پولیس اور این ایچ اے کے ساتھ کمشنر آفس میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ ڈی آئی جی پولیس سکھر فیصل عبداللہ چاچڑ، ڈپٹی کمشنر سکھر ڈاکٹر ایم بی راجا دھاریجو، ڈپٹی کمشنر خیرپور سید احمد فواد شاہ , ڈائریکٹر (مینٹیننس) این ایچ اے جھانگیر لاڑک ،سمیت موٹر وے پولیس ،ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی سکھر اور خیرپور میرس کے افسران نے شرکت کی۔ کمشنر سکھر نے چند دن پہلے ببرلو بائی پاس پر ہونے والے خوفناک حادثے میں 5 قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور اس معاملے پر این ایچ اے اور موٹر وے پولیس سے بریفنگ لی۔ کمشنر نے ببرلو بائی پاس اور سٹی پوائنٹ سکھر پر ٹرانسپورٹ گاڑیاں کھڑی کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہ دینے کی ہدایت دے دی۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر سکھر، خیرپور اور پولیس کو ہدایت دی کہ مسافر گاڑیوں کو صرف بس ٹرمینل پر رکنے کی اجازت دی جائے، یو-ٹرن درست جگہوں پر نہیں ہیں، جس کی وجہ سے حادثات پیش آتے ہیں۔ کمشنر سکھر نے کہا کہ فلائی اوور کے جاری ترقیاتی کام کے لیے بڑے گڑھے کھودے گئے ہیں، جہاں مناسب روشنی اور انڈیکشن نہ ہونے کے باعث مزید حادثات کا خدشہ ہے۔ کمشنر سکھر نے این ایچ اے کے افسران کو ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ تین دن کے اندر وہاں مناسب روشنی کا انتظام کر کے انہیں رپورٹ جمع کرائی جائے۔ کمشنر سکھر فیاض حسین عباسی نے ڈپٹی کمشنرز سکھر اور خیرپور کو ہدایت کی ہے کہ فلائی اوور کے قریب بس اڈوں اور ٹرانسپورٹ گاڑیوں کی پارکنگ پر پابندی عائد ہے، لیکن وہاں گاڑیاں کھڑی ہوتی ہیں، پابندی پر فوری طور عمل درآمد کروا کے مسافروں کو جانی نقصان سے بچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سکھر سے خیرپور جانے کے لیے ہائی وے پر سیدھی کراسنگ ہے، اسے فوری طور پر بند کیا جائے تا کہ حادثات اور ٹریفک جام کے مسائل سے بچا جا سکے، سٹی پوائنٹ پر کوچز اسٹاپ کرتی ہیں اور رکشوں کی سڑک پر پارکنگ کی وجہ سے سڑک بند ہو جاتی ہے اور مسائل پیش آتے ہیں، سٹی پوائنٹ پر بسوں کو رکنے کی اجازت نہ دی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بسیں صرف بس ٹرمینل پر ہی رکیں، سٹی پوائنٹ پر گاڑیاں پارک کرنے پر دفعہ 144 نافذ کیا جائے۔ اس موقع پر ڈی آئی جی پولیس سکھر فیصل عبداللہ نے موٹر وے پولیس کو ہدایت کی کہ اوور لوڈ گاڑیوں کو سڑک پر کھڑا ہونے نہ دیا جائے۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ڈائریکٹر مینٹیننس جھانگیر لاڑک نے کہا کہ فلائی اوور سائٹ پر لائٹنگ کے کام کا آغاز ہو چکا ہے، اس کے لیے اوورلوڈ گاڑیوں کو اجازت نہ دی جائے کیونکہ اس وجہ سے لائٹنگ ڈئمیج ہوتی ہے۔
