English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

طلبہ کیلئے اسکالر شپ پروگرام شروع کرنے کا معاہدہ طے پاگیا

القمر

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام اور ایچ وائی کے اے زیڈ امانت ایجوکیشن سپورٹ پروگرام کے درمیان کراپ پراڈکشن فیکلٹی کے طلبہ کے لیے اسکالرشپ پروگرام شروع کرنے پر معاہدہ طے پایا گیا۔ سندھ زرعی یونیورسٹی کے المانئیز کی جانب سے اپنے مادر علمی سے منسلک ضرورت مند طلبہ کی معاونت کے لیے اسکالر شپ دی جائے گی، اس ضمن میں سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام اور ایچ وائی کے اے زیڈ امانت ایجوکیشن سپورٹ پروگرام کے درمیان یونیورسٹی کے سینیٹ ہال میں مختصر تقریب کے دوران یادداشت مفاہمت پر دستخط کیے گئے، جس پرسندھ زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری اور ایچ وائی کے اے زیڈ امانت ایجوکیشن سپورٹ پروگرام کی جانب سے یونیورسٹی میں سابق ڈین اور یونیورسٹی کے لیے تعلیمی خدمات انجام دینے والے پروفیسر ڈاکٹر قاضی سلیمان میمن نے دستخط کیے۔ معاہدے کے مطابق سندھ زرعی یونیورسٹی کے کراپ پراڈکشن فیکلٹی کے طلباء کو مالی معاونت فراہم کی جائے گی، اشتراک کا مقصد باصلاحیت طلباء کو ان کی تعلیمی راہ میں حائل مالی رُکاوٹوں کو ختم کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری نے کہا کہ مستحق طلباء کو مالی معاونت فراہم کرنے میں سندھ زرعی یونیورسٹی کے اساتذہ اور سابق طلباء کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر قاضی سلیمان میمن کی یونیورسٹی کے لیے خدمات اہم ہیں، لیکن خاص طور پر انہوں نے دوران سروس اور بعد سروس اسکالر شپس اور انڈومنٹ فنڈ کی بہتری کے لیے بنیادی اور اہم کام سرانجام دیا اور آج تک اس کی توسیع میں ان کی خدمات قابل تعریف ہیں۔ ڈاکٹر فتح مری نے دیگر اسپانسرز سے بھی مالی معاونت اور صلاحیت سازی کے پروگراموں کو وسیع کرنے کے لیے آگے آنے کی دعوت دی۔ تقریب کے دوران ڈاکٹر قاضی سلیمان میمن نے اپنے مادر علمی کے طلباء کی مدد کے عزم کا اظہار کیا، خاص طور پر میرٹ پر مبنی اسکالرشپس کے ذریعے تعلیمی کارکردگی کو بہتر بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا، ’’یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ میں اس یونیورسٹی کو کچھ واپس دے سکوں جس نے میری تعلیمی اور پیشہ ورانہ ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔ اس موقع پر اسکالرشپ پروگرام کے لیے سید نعمان علی شاہ کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے جنہوں نے یو ایس ایڈ ہائر ایجوکیشن سسٹم اسٹرینتھننگ ایکٹیویٹی (ھیسا) سے حاصل کردہ تربیت کے اثرات پر روشنی ڈالی۔ تقریب میں ڈین فیکلٹی آف کراپ پروڈکشن ڈاکٹر عنایت اللہ راجپر، ڈین فیکلٹی آف ایگریکلچرل انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، ڈاکٹر الطاف علی سیال، ڈائریکٹر یونیورسٹی ایڈوانسمنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد اسماعیل کمبھر، پروفیسر ڈاکٹر شاہ نواز مری، اور رجسٹرار غلام محی الدین قریشی سمیت تدریسی و انتظامی شعبہ جات کے سربراہان نے شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے