وزیراطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ معافی کے بعد جیلوں سے نکلنے والے مجرم پہلے والے عزائم دہرا رہے ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ تحریک انصاف کی انتشاری سیاست کا شکار ہونے والے بچوں سے ہمدردی ہے، اگر اب بھی یہ 9 مئی کرنا چاہتے ہیں تو پھر معافی نہیں ملنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کرنے والوں کو یہ ریلیف پاک فوج کی جانب سے دیا گیا ہے اور اُن کو بھی اس پر دوبارہ سوچنا چاہیے ،بلوائیوں کو ریلیف ملا تو 9 مئی باربار ہوگا، معافی اس کو ملتی ہے جو معافی مانگ رہا ہو۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ پی ٹی آئی 9 مئی کو دوہرانا چاہتی ہے،انتشار کا ایندھن بننے والے بچے باہر نکل کر بھی نومئی کے جذبے کا اظہار کررہےہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ ہاؤس خیبرپختونخوا میں بلوائیوں کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، پاک فوج کو بھی سوچنا چاہیے کہ ایسی جماعت کے لیے رعایت ہونی چاہیے یا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوائی اچھے لگنے والے لیڈر کو رعایت دلوانے کے لیے دھمکیاں دیتے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے کبھی 9 مئی پر شرمندگی ظاہر نہیں کی۔ ایسی شخصیت کسی گناہ پر شرمندہ نہیں ہوتی ۔

