واشنگٹن:امریکا نے عارضی طور پر پاکستان کی مالی امداد بند کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دیگر ممالک کی طرح پاکستان کی بھی امداد فی الحال روک دی گئی ہے، جس کے بعد پاکستان میں کئی اہم منصوبے رک گئیں ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی حکام نے کہا ہےکہ پاکستان کو امداد بند کرنے کا فیصلہ ازسرنو جائزے کے مکمل ہونے تک نافذ العمل رہے گا،جائزے کی تکمیل تک کسی قسم کی مالی معاونت بحال نہیں کی جائے گی۔
امریکی مالی امداد بند ہونے سے پاکستان میں توانائی اور زراعت کے شعبوں کے پانچ بڑے منصوبے تعطل کا شکار ہو گئے ہیں، اسی طرح گورننس کے گیارہ اہم منصوبے متاثر ہوئے ہیں۔
خیال رہےکہ گزشتہ دنوں امریکی محکمہ خارجہ نے تمام سفارتی اور قونصل مشنز کو حکم جاری کیا تھا کہ وہ فوری طور پر تمام امدادی پروگراموں کو معطل کریں اور ان سے متعلق ہر قسم کا کام روک دے۔
واضح رہے کہ امریکان نے پاکستان سمیت یوکرین، تائیوان اور اردن کی مالی امداد بند کردی ہے، یہ سلسلہ ابتدائی طور پر 90 دن کے لیے معطل کیا گیا ہے۔

