English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

گاڑی جلانے کے مقدمے میں شاہ محمود قریشی بری، یاسمین راشد، اعجاز چودھری ودیگر کو سزا

القمر

لاہور: کوٹ لکھ پت جیل میں انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے 9 مئی کو جلاؤ گھیراؤ کے ایک اور مقدمے میں شاہ محمود قریشی کو بری کردیا جبکہ میاں محمود الرشید، ڈاکٹر یاسمین راشد ، اعجاز چوہدری اور عمر سرفراز چیمہ کو دس، دس سال قید کی سزا سنادی۔

انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے 9 مئی کو جناح ہاؤس کے قریب چوک میں سپریم کورٹ کے جج کے اسکواڈ کی گاڑی جلانے کے مقدمے کا فیصلہ سنا دیا۔سنائے گئے فیصلے میں انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما میاں محمود الرشید ، سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ ، ڈاکٹر یاسمین راشد اور اعجاز چوہدری کو دس، دس سال قید کی سزا سنادی۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے اسی مقدمے میں خدیجہ شاہ کو پانچ سال قید کی سزا سنائی جبکہ تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور روبینہ جمیل کو مقدمے سے بری کردیا گیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے شاہ محمود قریشی کو تیسرے جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے سے بری کیا ہے۔شاہ محمود قریشی کی جانب سے ان کے وکیل بیرسٹر تیمور ملک نے ٹرائل مکمل کیا اور عدالت میں ان ( شاہ محمود قریشی ) کی نمائندگی کی۔

9 مئی کو جناح ہاؤس کے قریب چوک میں سپریم کورٹ کے جج کے اسکواڈ کی گاڑی جلانے کا مقدمہ تھانہ سرور روڑ میں ملزمان کے خلاف دہشتگردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔اس مقدمے میں کل ملزمان 51 تھے ، جن میں سے 12 ملزمان اشتہاری ہوئے تھے جبکہ 39 ملزمان کا ٹرائل مکمل کیا گیا۔

خیال رہے کہ 11 اگست 2025 کو بھی انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے 9 مئی کے 2 مقدمات میں پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو بری کردیا تھا جبکہ یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری اور عمرسرفراز چیمہ کو 10 ، 10 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے