شہباز شریف کی امریکی صدر سے ملاقات کل ہوگی
اسلام آباد: پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کی امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات کل ہوگی۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق واضح رہے کہ پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے80 ویں اجلاس میں شرکت کے لیے نیو یارک میں موجود ہیں۔ دفتر خارجہ کے مطابق شہباز شریف کی اہم ترین ملاقات کل بروز منگل ہونے کو ہے، جس میں وہ برادر اسلامی ممالک، جن میں سعودی عرب، قطر، ترکی، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا اور مصر کے رہنماﺅں کے ساتھ موجودہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی صدر نے مذکورہ مسلم ممالک کے رہنماﺅ ں کو ایک مشترکہ ملاقات کی دعوت دی ہے، جس میں علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے مسائل پر بغور گفتگو ہوگی۔
یہ بات بھی علم میں رہے کہ وزیر اعظم کی کویتی وزیر اعظم شیخ صباح و صدر ورلڈ بینک اجے بانگا سے ملاقات بھی آج ہوگی۔
مذکورہ ملاقاتیں مالیاتی واقتصادی پالیسی، بین الاقوامی سرمایہ کاری اور عالمی ترقیاتی مسائل پرمرکوز ہوں گی۔ دورے کے دوران شہباز شریف کلائمیٹ چینج و دیگر بائیلیٹرل اجلاسوں میں حصہ لے کر عالمی ماحولیات اور دو طرفہ تعلقات پر گفتگو کریں گے ۔
یاد رہے کہ پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب 26 ستمبر کو ہوگا، جس کے بعد وہ 27 ستمبر کو امریکا سے واپس وطن لوٹیں گے۔