ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

مارخور کے شکار کے 39 پرمٹ جاری، ایک کی قیمت 2 لاکھ 46 ہزار ڈالر

پشاور: خیبرپختونخوا کے محکمۂ برائے جنگلی حیات نے ٹرافی ہنٹنگ پروگرام کے تحت مارخور کے شکار کے 39 پرمٹ جاری کر دیے ہیں، اس بار ایک مارخور کے شکار کے پرمٹ کے لیے 2 لاکھ 46 ہزار امریکی ڈالرز کی ریکارڈ بولی لگائی گئی جو اب تک کی سب سے زیادہ بولی قرار دی جا رہی ہے۔

میڈیا رپورٹس کےمطابق محکمۂ جنگلی حیات کے ترجمان کاکہنا ہےکہ  اس پروگرام سے صوبے کو مجموعی طور پر 54 کروڑ 27 لاکھ روپے کی آمدن متوقع ہے،  اس آمدنی کا بڑا حصہ ان مقامی کمیونٹیز پر خرچ کیا جائے گا جو جنگلی حیات کے تحفظ اور دیکھ بھال میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ٹرافی ہنٹنگ پروگرام میں غیرملکی شکاریوں کی دلچسپی ہر سال بڑھ رہی ہے اور اس بار بھی زیادہ تر پرمٹ بیرونِ ملک سے تعلق رکھنے والے افراد نے حاصل کیے ہیں،  ان غیرملکی شکاریوں کے لیے پاکستان کے شمالی پہاڑی علاقے خاص کشش رکھتے ہیں جہاں مارخور کی بڑی اور نایاب نسلیں پائی جاتی ہیں۔

محکمہ نے مزید کہا کہ شکار ایک منظم پالیسی اور محدود پرمٹس کے تحت کرایا جاتا ہے، جس کا مقصد نایاب جانوروں خصوصاً مارخور کے تحفظ کے ساتھ ساتھ مقامی لوگوں کی معیشت کو سہارا دینا ہے۔

واضح رہے کہ مارخور پاکستان کا قومی جانور ہے اور اس کے شکار کے لیے سخت قواعد و ضوابط وضع کیے گئے ہیں تاکہ اس کی نسل کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

خیال رہےکہ  ٹرافی ہنٹنگ پرمٹ ہمیشہ ایک جانور کے لیے مخصوص ہوتا ہے  یعنی ایک پرمٹ پر صرف ایک مارخور کا شکار کیا جا سکتا ہے، خیبرپختونخوا کے جاری کردہ 39 پرمٹس کا مطلب ہے کہ زیادہ سے زیادہ 39 مارخور شکار کیے جا سکیں گے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں