دبئی: کرکٹ کے سب سے بڑے روایتی حریف پاکستان اور بھارت آج ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2025 کے فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے، جسے ایشیا کپ کی 41 سالہ تاریخ کا یادگار لمحہ قرار دیا جا رہا ہے، یہ پہلا موقع ہے کہ ایشیا کپ کے فائنل میں پاک بھارت ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔
میڈیا رپورٹس کےمطابق ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے فائنل سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک شاندار فائنل کے منتظر ہیں اور فاتح ٹیم کو ٹرافی دینے کے لمحے کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سال کے ایشیا کپ میں کھلاڑیوں نے بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے، شائقین کے جنون اور ایشیائی ٹیموں میں مقابلے کے جذبے نے اس ایونٹ کو یادگار بنا دیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ امید ہے فائنل میں ناظرین کی ریکارڈ تعداد دیکھنے کو ملے گی، جو خطے میں کرکٹ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا ثبوت ہو گا۔
خیال رہےکہ پاکستانی ٹیم نے دبئی میں فائنل سے قبل بھرپور پریکٹس سیشن کیا، اس موقع پر کپتان سلمان علی آغا نے پریس کانفرنس میں کہا کہ کھلاڑی مکمل فارم میں ہیں اور ٹیم بھرپور اعتماد کے ساتھ میدان میں اترے گی۔
دوسری جانب بھارتی ٹیم بھی فائنل کے لیے پرعزم دکھائی دیتی ہے، تاہم پاکستانی کھلاڑیوں اور شائقین کا حوصلہ بلند ہے۔
