English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

جرمنی وزیر خارجہ کا اسرائیل سے فوری طور پر غزہ میں انسانی رسائی دینے کا مطالبہ

القمر

نیویارک: جرمنی کے وزیر خارجہ یوہان وادیفول نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ غزہ میں محفوظ انسانی رسائی کو یقینی بنائے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کےمطابق جرمنی کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم اسرائیل سے اپنا فوری مطالبہ دہراتے ہیں کہ وہ غزہ میں محفوظ انسانی رسائی کی اجازت دے، جرمنی اقوام متحدہ جیسے اداروں کے ذریعے ان لوگوں تک امداد پہنچانے کے لیے پرعزم ہے جو سب سے زیادہ ضرورت مند ہیں۔

جرمن وزیر خارجہ نے کہا کہ انصاف کا تقاضا ہے کہ ہر انسان کو خوراک، صاف پانی، تعلیم اور صحت جیسی بنیادی سہولتیں میسر ہوں، غزہ میں جاری خوفناک جنگ بدستور بھڑک رہی ہے، یہ زمین پر جہنم اور ایک انسانی المیہ ہے۔ یہ جنگ ختم ہونی چاہیے اور یرغمالیوں کو رہا کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں امن، مستقبل اور وقار کی ضرورت ہے اور ’’دو ریاستوں پر مبنی حل ہی واحد راستہ ہے۔

سڈان اور اس کے ہمسایہ ممالک کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے جرمن وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ ہمارے وقت کا بدترین انسانی بحران ہے جہاں 3 کروڑ سے زائد افراد کو انسانی امداد کی ضرورت ہے اور ایک کروڑ 20 لاکھ سے زیادہ لوگ اپنے گھروں سے بے گھر ہوچکے ہیں،ہم سب کو اس المیے کے خاتمے کے لیے مزید اقدامات کرنے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پورے خطے کی سلامتی خطرے میں ہے اور ایران کو کبھی بھی ایٹمی ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیے جائیں گے کیونکہ وہ اپنے 2015 کے جوہری معاہدے (JCPOA) کی ذمہ داریوں کی پاسداری نہیں کر رہا۔

 انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے پاس پابندیاں دوبارہ نافذ کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا،  سلامتی کونسل کے واضح ووٹ کے بعد یہ پابندیاں آج نافذ ہوجائیں گی لیکن میں یہ بھی واضح کر دوں کہ ہم نئے معاہدے پر بات چیت کے لیے کھلے ہیں،  سفارتکاری جاری رہ سکتی ہے اور رہنی چاہیے۔

خیال رہےکہ غزہ میں امریکا اور اسرائیل امداد کے نام پر دہشت گردی کر رہے ہیں۔ محصور عوام کو بنیادی خوراک، ادویات اور علاج تک رسائی سے محروم رکھ کر قحط، بھوک اور بیماری کو ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ عالمی طاقتوں اور اداروں کی خاموشی اس انسانی المیے کو مزید سنگین بنا رہی ہے جبکہ اصل امداد کے بجائے محض سیاسی کھیل کھیلا جا رہا ہے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے