وزیراعظم شہباز شریف 3 روزہ سرکاری دورے پر کل ملائیشیا روانہ ہونگے
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف 5 اکتوبر کو ملائشیا کے 3 روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے، وزیراعظم کا یہ دورہ ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم کی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔
میڈیا ذرائع کی رپورٹ کے مطابق دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف ملائیشین ہم منصب سے دو طرفہ مذاکرات کریں گے، ملاقات میں علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، جبکہ مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی بات چیت متوقع ہے۔
تجارتی تعلقات کو وسعت دینے کے ساتھ ساتھ آئی ٹی، ٹیلی کمیونیکیشن، حلال انڈسٹری، سرمایہ کاری، تعلیم، توانائی، انفراسٹرکچر، ڈیجیٹل اکانومی اور عوامی روابط جیسے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔شہباز شریف کے دورے کے دوران دونوں رہنما کئی موجودہ اور نئے شعبوں میں باہمی تعاون کے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخطوں کی تقاریب میں بھی شریک ہوں گے۔