ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

اپنا راستہ طے کرلیا، عوام سے ہی اتحاد کرکے فرسودہ نظام بدلنا ہے،حافظ نعیم الرحمن

لاہور:۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ماضی میں اتحادی سیاست کے کافی تجربات کیے لیکن اب ہم نے اپنا راستہ طے کرلیا ہے اور فیصلہ کیا ہے کہ صرف عوام سے ہی اتحاد کرکے اس فرسودہ نظام کو بدلنا ہے۔ مینار پاکستان پر ہونے والے اجتماع عام سے ملکی سیاست کا رخ تبدیل ہوگا ،نظام سے چھٹکارا کے لیے نئی تحریک کا آغاز ہوگا۔

امیر جماعت نے سینئر صحافی اور مصنف الطاف حسن قریشی کی کتاب پیارے مولانا کی تقریب رونمائی میں بطور مہمان خصوصی خطاب کیا۔ بانی جماعت اسلامی کے انٹرویوز اور ان کی شخصیت اور افکار سے متعلق کتاب کی تقریب رونمائی ذیلدار پارک اچھرہ میں ہوئی۔ تقریب کے اہم مقررین اور شرکا میں نائب امیر لیاقت بلوچ، مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیرالعظیم، ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی وقاص انجم جعفری، سید مودودی کے صاحبزادے خالد فاروق مودودی، سینئر صحافی مجیب الرحمن شامی، سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان شکیل احمد ترابی شامل تھے۔

تقریب سے خطاب میں حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ مولانا مودودیؒ نے اپنے دور میں دین پر پڑی ملوکیت، طوائف الملوکی اور سامراجیت کی گرد کو صاف کر کے اسلام کو اصل صورت میں لوگوں کے سامنے پیش کیا۔ ان کا سب سے عظیم کارنامہ جماعت اسلامی کی بنیاد تھی جو آج پوری امت کا سرمایہ بن چکی ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی نے سید مودودیؒ کی فکر کے مطابق انتخابی سیاست کو اختیار کیا۔ اگرجہ پاکستان میں انتخابی سیاست اسٹیبلشمنٹ ، فارم 47، آر ٹی ایس کا شکار ہے، تاہم جماعت اسلامی کو اسی نظام کے اندر رہتے ہوئے اسے ٹھیک کرنا ہے۔ جماعت اسلامی نے ماضی میں اتحادی سیاست کے کافی تجربات کیے لیکن اب ہم نے اپنا راستہ طے کرلیا ہے اور فیصلہ کیا ہے کہ صرف عوام سے ہی اتحاد کرکے اس فرسودہ نظام کو بدلنا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ جماعت اسلامی باقی شعبوں کی طرح اب انتخابی سیاست میں بھی کامیاب ہوگی۔ مینار پاکستان پر ہونے والے اجتماع عام سے ملکی سیاست کا رخ تبدیل ہوگا اور وہیں سے نظام سے چھٹکارا کے لیے نئی تحریک کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے شرکا کو اجتماع عام میں شرکت کی دعوت دی۔

  • ویب ڈیسک

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں