اسلام آباد؛ فن لینڈ نے پاکستان سمیت افغانستان اور میانمار میں اپنے سفارتخانےبند کرنے کافیصلہ کیا ہے ۔
فن لینڈ کی وزارتِ خارجہ نے اپنے جاری ایک بیان میں کہا کہ وزارتِ خارجہ نے اسلام آباد، کابل اور یانگون میں فن لینڈ کے سفارتخانوں کو 2026 میں بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ سفارتخانے آپریشنل اور اسٹریٹجک وجوہات کی بنا پر بند کیے جا رہے ہیں، جو متعلقہ ممالک کی سیاسی صورتحال میں تبدیلیوں اور فن لینڈ کے ساتھ محدود تجارتی و اقتصادی تعلقات سے جڑی ہوئی ہیں۔ تینوں ممالک میں سفارتخانوں کی بندش کی تیاری پہلے ہی شروع کر دی گئی تھی، یہ مشن 2026 کے دوران بند کر دیے جائیں گے۔
اس سے قبل 2012 میں بھی فن لینڈ نے مالی مسائل کے باعث پاکستان میں اپنا سفارتخانہ بند کر دیا تھا، تاہم 2022 میں مشن دوبارہ کھول دیا گیا تھا۔ جبکہ 2023 میں سویڈن نے بھی سیکورٹی صورتحال کے باعث اسلام آباد میں اپنا سفارتخانہ غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا تھا۔
