پاکستان میں مجموعی طور پر 151 ائیرپورٹس اور لینڈنگ اسٹرپس موجود ہیں، لیکن فعال یا بین الاقوامی ائیرپورٹس کی تعداد محض 10 ہے۔ ان میں کراچی، لاہور، اسلام آباد، ملتان، سیالکوٹ، پشاور، فیصل آباد اور کوئٹہ جیسے اہم ائیرپورٹس شامل ہیں، جو فی الحال مکمل فعال بین الاقوامی ائیرپورٹس کے طور پر کام کر رہے ہیں۔
دوسری جانب نیو گوادر، اسکردو اور نیو میرپور ائیرپورٹس بین الاقوامی درجہ رکھنے کے باوجود غیر فعال ہیں، اور یہاں سے نہ تو ملکی پروازیں باقاعدگی سے چل رہی ہیں اور نہ ہی غیر ملکی پروازوں کی آمد و رفت ہو رہی ہے۔ کراچی، لاہور اور اسلام آباد جیسے بڑے ائیرپورٹس پر بھی دن کے اوقات میں غیر ملکی پروازیں بہت کم ہیں، جس کی وجہ سے یہ عالمی معیار کے مطابق مکمل فعال ائیرپورٹس نہیں کہلائے جا سکتے۔
ملک میں مقامی سطح کے ائیرپورٹس کی تعداد 43 ہے، جبکہ 98 انتہائی چھوٹے ائیرپورٹس، لینڈنگ اسٹرپس یا فوجی ہوا بازی کے مقامات ہیں، جو زیادہ تر محدود یا خصوصی مقاصد کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔ اس صورتحال سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان کے بیشتر ائیرپورٹس زیر استعمال یا مکمل غیر فعال ہیں، جس سے ملکی اور بین الاقوامی سفر پر منفی اثر پڑ رہا ہے۔