چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی ائی) بیرسٹر گوہر علی خان نے وضاحت کی ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی مبینہ پیشکش کی خبریں مکمل طور پر بے بنیاد ہیں۔
اپنے جاری کردہ بیان میں چیئرمین پی ٹی ائی بیرسٹر گوہرعلی خان نے کہا کہ حکومت یا جیل حکام کی جانب سے عمران خان سے ملاقات کی کوئی پیشکش نہیں کی گئی اور سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص نے بھی ان کے کہنے پر اس خبر کی سختی سے تردید کی۔
چیئرمین پی ٹی ائی نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کے باوجود یہی غیر مصدقہ خبریں بار بار رپورٹ کی جا رہی ہیں، ہر منگل کو اڈیالہ جیل جاتے ہیں اور ملاقات کے مقررہ وقت کے اختتام پر واپس آ جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز بھی انہوں نے یہی معمولی طریقہ اختیار کیا، بانی جماعت سے متعلق خبریں انتہائی سنجیدہ نوعیت کی ہوتی ہیں اور انہیں شائع کرنے میں احتیاط برتنی چاہیے۔
بیرسٹر گوہر کی یہ وضاحت سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے افواہوں اور غلط اطلاعات کے تناظر میں سامنے آئی، جس کا مقصد شائقین اور عوام کو درست معلومات فراہم کرنا اور سیاسی افواہوں کو کنٹرول کرنا بتایا گیا ہے۔
