خوفناک ٹریفک حادثہ، بے قابو گاڑی دیوار سے ٹکرا گئی، لاشیں نشتر اسپتال منتقل کردی گئیں۔
ملتان میں بوسن روڈ پر پیش آنے والے ٹریفک حادثے کا منظر جہاں کار بے قابو ہوکر ٹکرا گئی تھی۔
ملتان میں بوسن روڈ پر تیز رفتاری کے باعث ایک دلخراش ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں کار سوار 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار کار بے قابو ہوکر پہلے سڑک کے ڈیوائیڈر سے ٹکرائی اور پھر ایک خالی پلاٹ کی دیوار سے جا ٹکرائی، جس کے باعث گاڑی میں سوار پانچوں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور امدادی کارروائیاں شروع کرتے ہوئے تمام جاں بحق افراد کی لاشیں نشتر اسپتال منتقل کردیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق ہونے والے تمام 5 افراد کا تعلق شجاع آباد سے تھا۔ دوسری جانب سی پی او ملتان اختر فاروق نے بھی حادثے کے بعد جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔