دہلی کے ایک سرکاری اسکول میں 12 ویں کی طالبہ نے خود کو لگائی آگ، موقع پر ہی موت، پولیس تحقیقات میں مصروف

دہلی کے شاہدرہ ضلع کے کرشنا نگر میں واقع ایک اسکول سے بڑا واقعہ سامنے آیا ہے۔ یہاں 12ویں جماعت کی ایک طالبہ نے خود کو آگ لگا لی، جس سے وہ بری طرح جھلس گئی اور اس کی موت ہو گئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی کرشنا نگر تھانے کی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ طالبہ کی سالگرہ کل یعنی 25 اکتوبر کو تھی، لیکن آج اس نے خودکشی کر لی۔ رپورٹس کے مطابق طالبہ نے اسکول کے اندر خود پر پٹرول ڈال کر خودکشی کی۔ ہندی نیوز پورٹل ’این ڈی ٹی وی انڈیا‘ پر شائع ایک رپورٹ کے مطابق پولیس کو جائے وقوعہ سے خودکشی کے 3 نوٹ بھی ملے ہیں۔ ایسے میں پولیس ہر پہلو سے معاملے کی تحقیقات میں مصروف ہے۔

یہ معاملہ دہلی کے کرشنا نگر علاقے میں آنے والے سروودیہ کنیا ودیالیہ کا بتایا جا رہا ہے۔ دہلی پولیس نے بتایا کہ گارڈ روم کے پیچھے تقریباً 18 سال کی 12ویں کی طالبہ کی ایک جلی ہوئی حالت میں لاش ملی ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے دوران جائے وقوع سے اور لڑکی کے اسکول بیگ سے کچھ چیزیں برآمد کی گئیں۔ جائے وقوعہ کی جانچ کرنے اور ضروری ثبوت جمع کرنے کے لیے کرائم ٹیم کو بلایا گیا ہے۔ واقعہ کن حالات میں پیش آیا اس کی جانچ کی جا رہی ہے اور آگے کی پوچھ تاچھ جاری ہے۔

دہلی پولیس نے لاش کو قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج کر آگے کی کارروائی شروع کر دی ہے۔ اسکول انتظامیہ سے بھی اس معاملے میں پوچھ گچھ کی گئی ہے۔ طالبہ کی بہن نے بتایا کہ صبح وہ بھتیجی کے ساتھ اسے اسکول میں چھوڑ کر گئی تھی، تب وہ خوش تھی اور اس کو کوئی پریشانی نہیں تھی۔ لیکن دوپہر میں اسے اسکول انتظامیہ کی جانب سے خودکشی کی جانکاری ملی تھی۔ طالبہ کی بھابی نے بھی کہا کہ وہ اسکول جانے کے وقت خوش تھی۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں