لاہور: سی ٹی ڈی بلڈنگ کے قریب مشکوک ڈرون کی نقل و حرکت ، دہشت گردی کا مقدمہ درج

سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی، بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ڈرون کو کلیئر کر دیا، تھانہ ہربنس پورہ میں درخواست جمع

November 1, 2026 · اہم خبریں

لاہور میں سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹرز کے قریب گرنے والے جاسوس ڈرون کا منظربھی۔

لاہور میں سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹرز کے قریب گرنے والے جاسوس ڈرون کا منظربھی۔

لاہور: صوبائی دارالحکومت میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی عمارت کے گرد مشکوک ڈرون کی پرواز اور سرویلنس کا انکشاف ہوا ہے، جس پر پولیس نے دہشت گردی سمیت مختلف سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یہ مقدمہ سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات انسپکٹر صفدر عباس کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق کنٹرول روم کی جانب سے اطلاع دی گئی کہ جلو پارک کی سمت سے ایک ڈرون سی ٹی ڈی بلڈنگ کی طرف بڑھ رہا ہے، جو بعد میں عمارت کے اطراف چکر لگاتا رہا۔

اطلاع ملتے ہی جب سیکیورٹی اٹیچمنٹ اور پولیس ٹیمیں موقع پر پہنچیں تو وہاں ایک ڈرون گرا ہوا پایا گیا، جس کے کیمرے اور لائٹس اس وقت بھی آن (فعال) تھیں۔

مقدمے کے متن میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ نامعلوم افراد سی ٹی ڈی کی حساس عمارت میں کسی ممکنہ دہشت گردی کی کارروائی کا منصوبہ بنا رہے تھے اور اسی مقصد کے لیے ڈرون کیمرے کے ذریعے ریکی و سرویلنس کی جا رہی تھی۔ پولیس نے گرنے والے ڈرون کو تحویل میں لے کر نامعلوم ملزمان کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

لاہور میں سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹرز پر جاسوس ڈرون کا حملہ، تحقیقات شروع

 قبل ازیں لاہور میں کاؤنٹر ٹیررزم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے ہیڈ کوارٹرز کی عمارت سے ایک جدید ساختہ سرویلنس ڈرون ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں عمارت اور گردونواح میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس حکام کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ شب 12 بج کر 30 منٹ پر پیش آیا جب یہ مشکوک ڈرون جلو موڑ کی طرف سے سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹرز کی جانب بڑھا۔

پولیس رپورٹ اور متعلقہ دستاویز کے مطابق جدید ساختہ سرویلنس ڈرون ہیڈ کوارٹرز کی بیرونی دیوار سے ٹکرانے کے بعد نیچے زمین پر گر گیا۔ ابتدائی اطلاعات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس ڈرون کی مدد سے انتہائی حساس ادارے کے اندرونی حصوں کی ریکی کی جا رہی تھی۔ واقعے کے فوراً بعد سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹرز کی سکیورٹی ٹیم نے حرکت میں آتے ہوئے سرویلنس ڈرون کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ حکام کا بتانا ہے کہ گرنے کے وقت ڈرون کے ساتھ منسلک کیمرے اور بیٹری کی لائٹس مکمل طور پر آپریشنل حالت میں تھیں۔

واقعے کی سنگین نوعیت کو دیکھتے ہوئے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو فوری طور پر طلب کیا گیا جنہوں نے ڈرون کا باریک بینی سے معائنہ کرنے کے بعد اسے کلیئر قرار دیا۔ پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ نامعلوم ملزمان نے بظاہر دہشت گردی کی مذموم نیت سے یہ جاسوس ڈرون حساس ادارے کے ہیڈ کوارٹرز کی جانب روانہ کیا تھا۔

پولیس حکام نے تصدیق کی ہے کہ معاملے کی تمام ممکنہ پہلوؤں سے جامع تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ دریں اثنا، سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹرز کی سکیورٹی کی جانب سے اس ناگوار واقعے پر قانونی کارروائی عمل میں لانے کے لیے تھانہ ہربنس پورہ میں باضابطہ درخواست جمع کرا دی گئی ہے تاکہ ملوث عناصر کا سراغ لگایا جا سکے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں