لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار، ایئر کوالٹی انڈیکس خطرناک سطح پر پہنچ گیا

شدید اسموگ کا راج، گوجرانوالہ اور ننکانہ صاحب بھی متاثر، شہریوں کی صحت کو شدید خطرات۔

November 2, 2026 · اہم خبریں

لاہور میں اسموگ اور شدید فضائی آلودگی کے باعث چھائے گہرے غبار کا منظر

لاہور میں اسموگ اور شدید فضائی آلودگی کے باعث چھائے گہرے غبار کا منظر

فضائی آلودگی کی سنگین لہر کے باعث لاہور نے دنیا بھر کے آلودہ ترین شہروں میں پہلا نمبر حاصل کر لیا ہے جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) خطرناک حد تک بڑھ کر 509 سے بھی تجاوز کر گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق لاہور میں اسموگ کی شدت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ بارش نہ ہونے کے باعث فضائی آلودگی میں کمی کے امکانات انتہائی محدود ہیں۔ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 29 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

بین الاقوامی ماحولیاتی مانیٹرنگ اور عالمی ادارے آئی کیو ایئر کے اعداد و شمار کے مطابق آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں بھارتی دارالحکومت نئی دہلی 221 اے کیو آئی کے ساتھ دوسرے اور مصر کا دارالحکومت قاہرہ 210 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔ دوسری جانب پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی فضائی معیار انتہائی خراب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ صوبائی اعداد و شمار کے مطابق گوجرانوالہ 500 اے کیو آئی کے ساتھ صوبے کا آلودہ ترین شہر بن گیا ہے جبکہ ننکانہ صاحب بھی 500 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ اس کے علاوہ حافظ آباد 386 اور وزیرآباد 381 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر رہے ہیں۔

لاہور کے مختلف علاقوں میں آلودگی کی سطح نے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ علامہ اقبال ٹاؤن سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ رہا جہاں اے کیو آئی کی گھناؤنی سطح 912 تک جا پہنچی۔ اس کے علاوہ برکی روڈ پر 698، گلبرگ میں 619، ڈی ایچ اے فیز 5 میں 569، شاہدرہ، کاہنہ نو، ملتان روڈ، ڈی ایچ اے فیز 6، پنجاب یونیورسٹی، سفاری پارک، جی ٹی روڈ اور ماڈل ٹاؤن میں بھی فضائی آلودگی انتہائی خطرناک سطح پر ریکارڈ کی گئی۔

اسموگ کی اس خطرناک صورتحال کے باعث شہریوں کو سانس لینے میں دشواری، آنکھوں اور گلے کی شدید تکالیف کا سامنا ہے۔ طبی ماہرین اور ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو شدید احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، باہر نکلتے وقت لازمی ماسک پہننے اور بالخصوص بچوں، بزرگوں اور سانس کے امراض میں مبتلا افراد کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے کی سخت ہدایت جاری کی ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں