پنجاب میں کرپشن سے متعلق ان کا بیان ان کی ناقص سیاسی سمجھ سے باہر ہے ، سوشل میڈیا پر بیان
فائل فوٹو
اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کے پنجاب حکومت میں کرپشن سے متعلق بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر یہ بیان مریم نواز کی حکومت کو نشانہ بنا کر اپنا سیاسی مستقبل محفوظ کرنے کی کوشش ہے تو پھر بات سمجھ میں آتی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ چوہدری سالک ان کے لیے قابلِ احترام ہیں اور ان کے بزرگوں کا بھی وہ اپنے بزرگوں کی طرح احترام کرتے ہیں۔ تاہم پنجاب میں کرپشن سے متعلق ان کا بیان ان کی ناقص سیاسی سمجھ سے باہر ہے۔
چوھدری سالک صاحب میرے لئیے بہت محترم ھیں۔ ان کے بزرگوں کا مجھے اپنے بزرگوں جیسا احترام ھے۔
انکا پنجاب میں کرپشن کے متعلق بیان میری ناقص سیاسی سمجھ سے باہر ھے۔ کرپشن ھمارے معاشرہ کا سب سے بڑا مسئلہ ھے اور یہ تمام سیاسی قیادت مرکزی اور صوبائی کی مشترکہ ذمہ داری ھے کے ملک کو اس…— Khawaja M. Asif (@KhawajaMAsif) November 4, 2026
خواجہ آصف نے مؤقف اختیار کیا کہ کرپشن معاشرے کا سب سے بڑا مسئلہ ہے اور اسے ختم کرنا مرکزی اور صوبائی تمام سیاسی قیادت کی مشترکہ ذمے داری ہے۔ چوہدری سالک ماشاءاللہ وفاق اور پنجاب دونوں حکومتوں کا حصہ ہیں اور دونوں جگہ قیادت مسلم لیگ (ن) کے پاس ہے، لہٰذا الگ سے تنقید کے بجائے مل کر اس کے خلاف جہاد کرنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر یہ بیان کسی کے مستقبل کے سیاسی ایجنڈے کا حصہ ہے تاکہ مریم نواز کی حکومت کو ٹارگٹ کر کے پنجاب اور وفاق میں اپنے لیے جگہ بنائی جائے تو اس کی منطق سمجھ آتی ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز جس طرح صوبے کے شہروں اور دیہات کی خدمت کر رہی ہیں اور عوام کے لیے خدمت کے نئے معیار قائم کر رہی ہیں، اس کے بعد مخالفین کے لیے سیاسی چیلنج کا مقابلہ کرنا انتہائی مشکل ہوگا۔