سیاسی بحران سنگین، سابق صدر سینتیگو پینا نظر بند، تفتیش جاری ہے
پیراگوئے کے نئے صدر پیڈرو الیانا حلف اٹھانے کے بعد صدارتی ذمہ داریاں سنبھال رہے ہیں۔
پیراگوئے میں سیاسی بحران کے دوران پیڈرو الیانا نے نئے صدر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق پیراگوئے کی پارلیمنٹ (سینیٹ) نے ووٹنگ کے ذریعے سابق صدر سینتیگو پینا کا مواخذہ کر کے انہیں عہدے سے برطرف کر دیا۔ مواخذے کی کارروائی میں تمام 44 حاضر سینیٹرز نے ان کی برطرفی کے حق میں ووٹ دیا۔
عہدے سے ہٹائے جانے کے چند ہی منٹ بعد حکام نے سابق صدر کو گھر میں نظر بند کر دیا۔ بعد ازاں گھر کے باہر شدید احتجاج کے باعث انہیں کسی دوسرے حفاظتی مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ استغاثہ کے مطابق پینا پر ملک کے بڑے ڈیجیٹل بینک ‘یوئینو بینک’ کے مالی معاملات میں مداخلت، اختیارات کے ناجائز استعمال، اثر و رسوخ کے کاروبار اور مفادات کے ٹکراؤ کے سنگین الزامات ہیں۔ سابق صدر کو پراسیکیوٹر کے دفتر میں حاضر ہونے کا حکم دیا گیا تھا۔
دوسری جانب نائب صدر پیڈرو الیانا نے عبوری اور نئے صدر کے طور پر حلف اٹھا لیا ہے۔ وہ اگست 2028ء تک صدارتی مدت کی باقی ماندہ ذمہ داریاں پوری کریں گے۔ واضح رہے کہ پیراگوئے کے سب سے بڑے ڈیجیٹل ‘یوئینو بینک’ کے مالی مشکلات کا شکار ہونے اور مرکزی بینک کی کارروائی کے باعث تقریباً 30 لاکھ صارفین اپنے اکاؤنٹس تک رسائی سے محروم ہو گئے تھے، جس کے بعد ملک بھر میں شدید ہنگامہ آرائی اور سیاسی بحران پیدا ہو گیا تھا۔