این ایچ ایم ملازمین کے لیے خوشخبری، یکم اپریل سے 5 فیصد انکریمنٹ نافذ

عمر عبداللہ حکومت نے این ایچ ایم ملازمین سے کیا وعدہ پورا کیا: سکینہ ایتو

سرینگر/جموں و کشمیر حکومت نے نیشنل ہیلتھ مشن (این ایچ ایم) کے تحت کام کرنے والے اہل ملازمین کے لیے مالی سال 2026-27 کے دوران 5 فیصد سالانہ انکریمنٹ منظور کر لیا ہے، جس سے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں ہزاروں ہیلتھ ورکرز کو راحت ملنے کی توقع ہے۔
موصولہ حکم نامے کے مطابق، این ایچ ایم کے مشن ڈائریکٹر کی جانب سے جاری کردہ اس حکم کا اطلاق ریاستی، ڈویژنل، ضلعی اور بلاک سطح پر تعینات اہل کنٹریکچول ملازمین پر ہوگا۔ اس میں نیشنل اربن ہیلتھ مشن (این یو ایچ ایم) اور مختلف بیماریوں کی روک تھام کے پروگراموں کے تحت کام کرنے والے ملازمین بھی شامل ہیں۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ یہ منظوری جموں و کشمیر کے لیے این ایچ ایم کے اسٹیٹ پروگرام امپلیمنٹیشن پلان (ایس پی آئی پی) 2026-27 کی منظوری کے تحت دی گئی ہے، جسے مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود نے 19 جون 2026 کو منظوری دی تھی۔نوٹیفکیشن کے مطابق، وہ کنٹریکچول ملازمین جنہوں نے 31 مارچ 2026 یا اس سے قبل ایک سال کی سروس مکمل کر لی ہے، انہیں یکم اپریل 2026 سے 5 فیصد سالانہ انکریمنٹ کا فائدہ ملے گا۔
اسی طرح یکم اپریل سے 30 ستمبر 2026 کے درمیان ایک سال کی سروس مکمل کرنے والے ملازمین کو یکم اکتوبر 2026 سے انکریمنٹ دیا جائے گا، جبکہ 30 ستمبر 2026 کے بعد ایک سال کی سروس مکمل کرنے والے ملازمین اس سہولت کے اہل یکم اپریل 2027 سے ہوں گے۔
حکم نامے میں متعلقہ ڈرائنگ اینڈ ڈسبرسنگ افسران (ڈی ڈی اوز) اور کنٹرولنگ افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ملازمین کی مقررہ مدتِ ملازمت اور تسلی بخش کارکردگی کی تصدیق کے بعد ہی انکریمنٹ کا فائدہ فراہم کریں۔ اس سلسلے میں این ایچ ایم کے متعلقہ رہنما خطوط پر عمل درآمد بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔
ادھر وزیر صحت و طبی تعلیم سکینہ ایتو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ حکومت نے این ایچ ایم ملازمین کے لیے 5 فیصد سالانہ انکریمنٹ منظور کرکے اپنا وعدہ پورا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ این ایچ ایم ملازمین کی لگن، محنت اور خدمات کے اعتراف کی جانب ایک اہم قدم ہے، جو جموں و کشمیر میں صحت کی سہولیات کو مزید مستحکم بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔
سکینہ ایتو نے مزید کہا کہ صحت کے شعبے سے وابستہ ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے حکومت کا عزم برقرار ہے اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں ایک مضبوط، مؤثر اور جامع نظامِ صحت کی تشکیل کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں