روس کیلئے جاسوسی کے الزامات پر برطانوی پولیس نے امریکی فوجی اہلکار کو گرفتار کر لیا

خفیہ معلومات کی فراہمی کا شبہ، نیشنل سکیورٹی ایکٹ کے تحت کارروائی، ایف بی آئی کا تشویش کا اظہار

November 11, 2026 · اہم خبریں

برطانوی انسداد دہشتگردی پولیس کی جانب سے روس کیلئے جاسوسی کے الزام میں امریکی فوجی کی گرفتاری کے بعد سکیورٹی فورسز کا گشت।

برطانوی انسداد دہشتگردی پولیس کی جانب سے روس کیلئے جاسوسی کے الزام میں امریکی فوجی کی گرفتاری کے بعد سکیورٹی فورسز کا گشت।

برطانوی انسداد دہشتگردی پولیس نے روس کے لیے جاسوسی کے الزام میں ایک سینئر امریکی فوجی اہلکار کو گرفتار کر لیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 41 سالہ سینئر فوجی اہلکار کو مغربی انگلینڈ کے شہر گلوسٹر کے قریب سے حراست میں لیا گیا، جسے بعد ازاں تحقیقات کے لیے لندن کے پولیس سٹیشن منتقل کر دیا گیا۔

برطانوی انسداد دہشتگردی پولیس لندن کے جاری کردہ بیان کے مطابق یہ گرفتاری نیشنل سکیورٹی ایکٹ 2023 کی دفعہ 1 اور دفعہ 3 کے تحت عمل میں آئی ہے۔ قانون کی دفعہ 1 کا تعلق حساس اور خفیہ معلومات حاصل کرنے یا انہیں افشا کرنے سے ہے، جبکہ دفعہ 3 کسی غیر ملکی انٹیلی جنس سروس کی معاونت کرنے کے الزامات سے متعلق ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں گلوسٹر شائر کے دو مختلف مقامات پر تلاشی کا عمل بھی شروع کیا گیا ہے، تاہم یہ کارروائی کسی دوسری جاری تحقیقات سے منسلک نہیں ہے۔

امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آئی) کے ڈائریکٹر کاش پٹیل نے اس کارروائی کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جاسوسی کے الزامات امریکا اور اس کے اتحادیوں کے لیے شدید تشویش کا باعث ہیں۔ دوسری جانب، امریکی فوج کے کاؤنٹر انٹیلی جنس کمانڈ کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل شان اسٹنچن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حساس معلومات تک رسائی رکھنے والے فوجی اہلکار کی مبینہ سرگرمیاں اس بات کی واضح یاد دہانی ہیں کہ اندرونی سکیورٹی خطرات حقیقی اور مسلسل موجود ہیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں